فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 10پاکستانی یمن سے نکلنے کی کوشش میں عمان کی سرحد کے قریب پھنس گئے

ہفتہ 4 اپریل 2015 13:16

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 10پاکستانی یمن سے نکلنے کی کوشش میں عمان ..

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 10پاکستانی یمن سے نکلنے کی کوشش میں عمان کی سرحد کے قریب پھنس گئے ہیں، اہل خانہ نے حکومت سے اپنے پیاورں کو بچانے کی اپیل کی ہے۔ فیصل آباد کے علاقوں ماموں کانجن اور کنجوانی سے مختلف خاندانوں کے 10افراد یمن میں فسادات پھوٹنے کے بعد وہاں سے نکلنے کی کوشش میں عمان کی سرحد کے قریب ایک مقام پر پھنس گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان افراد کے اہل خانہ کاکہنا ہے کہ یہ تمام افراد ایک ہی کفیل کی فیکٹری میں جال بننے کا کام کرتے تھے جس نے دور روز قبل فی کس 2ہزار ریال لیکر انہیں عمان تک پہنچانے کا وعدہ کیالیکن وہ انہیں عمان کی سرحد کے قریب چھوڑ کر چلا گیا۔ سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے یمنی فوج نے ان لوگوں کو عمان میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے جس پر انہوں نے عمان میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کیا تو انہیں مبینہ طور پر جواب دیا گیا کہ وہ عمان کی سرحد میں داخل ہو جائیں تو ان کی مدد کی جا سکتی ہے۔

اہل خانہ کے مطابق یہ افراد اس وقت بے یارومددر گار ہیں اور ان کے پاس کھانے پینے کا سامان بھی ختم ہو چکا ہے۔ ورثا نے حکومت سے اِن افراد کی فوری واپسی کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :