جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم شروع ہوچکی،پنجاب میں لاکھوں افراد کوممبر بنائیں گے،5فیصد اشرافیہ،جاگیردار،وڈیرے اور سرمایہ داروں نے18کروڑ عوام کویرغمال بنارکھا ہے،لوگ مسائل سے حل کے لئے بے داغ کردار کی حامل قیادت پراعتماد کااظہارکریں

امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ کابیان

ہفتہ 4 اپریل 2015 14:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی نے رابطہ عوام کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔دعوتی مہم کے دوران پنجاب میں لاکھوں افراد کوممبربنایا جائے گا جبکہ پورے پاکستان میں ایک کروڑ لوگوں کو جماعت اسلامی کے قریب لایاجائے گا۔رابطہ عوام مہم کے دوران اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے سلوگن کو زیادہ سے زیادہ عام کیا جائے گا۔

رابطہ عوام کے دوران صوبائی ذمہ داران مختلف اضلاع کادورہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیااس لئے یہاں اللہ اور اس کے رسول کانظام ہی رائج ہوناچاہئے۔ہم نے68برس ہرنظام کورائج کرکے دیکھ لیااب ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی نظام حیات کا نفاذ عملاً کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مہم کے دوران نئے بننے والے ممبران سے عہد لیاجائے گا کہ کرپشن،مہنگائی،بے روزگاری،بدامنی،جرائم اور غربت کے خاتمے اور فوری وسستے انصاف کے عدالتی نظام کی تشکیل کی خاطر ممبران کاتعاون اور ووٹ جماعت اسلامی کے لئے ہوگا۔

پاکستان کے18کروڑ عوام شروع دن سے ظلم کی چکی میں پستے آرہے ہیں۔ہر دورکی حکومتوں نے عوام کوسبزباغ دکھاکرلوٹااور جذبات کوشدید ٹھیس پہنچائی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ملک میں ظلم کا نظام چل رہا ہے۔وڈیرے،جاگیردار اور سرمایہ داروں نے پوری قوم کوغلام بنارکھا ہے۔صرف5فیصدمٹھی بھراشرافیہ ملک کے سیاہ وسفیدکے مالک بنے بیٹھے ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ دہشتگردی کی عفریت،لاقانونیت،لوڈشیڈنگ سے نجات کسانوں کیلئے پورامعاوضہ،مزدوروں کے مفادات کے تحفظ،ٹیکس کے ظالمانہ نظام کی بجائے اسلامی طرزمعیشت کواختیار اور نوجوانوں کوروزگار کی فراہمی کے لئے جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ اس ملک میں جماعت اسلامی واحدسیاسی ودینی جماعت ہے جس کی قیادت ارکان منتخب کرتے ہیں اور یہ ساراعمل موروثیت سے پاک ہے۔جماعت اسلامی ہی ملک وقوم کومحب وطن اور بے داغ کردار کی قیادت فراہم کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :