ایم کیو ایم ماضی سے سبق سیکھے اور دہشت گردی کے کلچر کو تبدیل کرے،سراج الحق

ہفتہ 4 اپریل 2015 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی میں الطاف حسین کے کارکنوں کی تحریک انصاف کے کیمپ پر دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں ،ایم کیو ایم کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے اور دہشت گردی کے کلچر کو تبدیل کرے،زین رؤف قتل کیس وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیلئے ٹیسٹ کیس ہے ،پورا نظام نشے میں ہے اور اس نشے کی گولی غریب کو ماری جاری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کی تنظیم سازی اور بعد ازاں زین رؤف کے لواحقین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ زین رؤف کے خاندان کو ڈرنا اور جھکنا نہیں چاہیے ،میں اور ہماری جماعت زین رؤف کے ساتھ کھڑی ہے،انہوں نے کہا کہ زین ئروف کے قاتلوں کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور یہ وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ٹیسٹ کیس ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غریب غیر محفوظ ہو کر رہ گیا ہے ہم اپنے گھروں اور سڑکوں کو محفوظ دیکھنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امن وامان کے حوالے سے حکومت اپنا فرض ادا کرے اورشہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔سراج الحق نے کہا کہ ایک شخص نے نشے کی حالت میں غریب کے گھر کو اجاڑ دیا ہے اور حیرت کی بات ہے کہ یہاں لوگ اسلحہ لیکر گھوم رہے ہیں ،پنجاب کاعلاقہ قبائلی علاقہ نہیں ہے جہاں لوگ اپنی حفاظت کے لئے اسلحہ ساتھ رکھتے ہیں ،لاہور میں اسلحہ رکھنے اور گھومنے کی کیا ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پورا نظام نشہ میں ہے ،کسی پیسے کا نشہ ہے ،کسی کو دولت کا نشہ ہے ،کسی کو سیاست کا نشہ اور کسی اقتدار کا نشہ ہے اور اسی نشہ کی وجہ سے غریب کو گولی لگتی ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں کریم آباد میں الطاف حسین کے کارکنوں کی دہشت گردی اور تحریک انصاف کے کیمپ پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے اور دہشت گردی کے کلچر کو تبدیل کرے۔ انہوں نے کہ صوبائی الیکشن کمشنر کی ذمہ دار ہے کہ وہ حلقہ این اے246 میں امن وامان اور انتظام کو بہتر بنائے اگر کراچی میں ضمنی الیکشن ٹھیک نہ ہوئے تو یہ الیکشن کمیشن پر بہت بڑا سوال کھڑا ہو جائے گا

متعلقہ عنوان :