Live Updates

پی ٹی آئی کا کینٹ کے بلدیاتی انتخابات کے لیے جماعت اسلامی ، عوامی تحریک اور دیگر جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ

انتخابی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کا اعلان دھاندلی کا حصہ ہیں ، الیکشن کمیشن نوٹس لے‘ صدر پی ٹی آئی لاہور عبدالعلیم خان کی گفتگو

ہفتہ 4 اپریل 2015 19:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) تحریک انصاف لاہور نے کینٹ کے بلدیاتی انتخابات میں دیگر سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے جماعت اسلامی ،عوامی تحریک اور (ق) لیگ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے ،پی ٹی آئی لاہور کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی کے عہدے داروں پر مشتمل مشاورتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو دیگر جماعتوں سے مذاکرات کرے گی اور کینٹ اور والٹن بورڈ میں تحریک انصاف کے امیدواروں کے لیے حمایت حاصل کی جائے گی اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف لاہور کے صدر ر عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی 2سالہ کارکردگی صفر جمع صفر کے علاوہ کچھ نہیں، عوام ان کی حقیقت سے آگاہ ہوچکے ہیں، اب دوبارہ حکومتی امید واروں کو جتوانے کے لیے مخصوص علاقوں میں نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے نام پر سرکاری خزانے کو بے دریغ لٹایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں حکومتی من مانیاں جاری ہیں جہا ں مختلف یونین کونسلوں میں شہری علاقوں کی پی ٹی آئی کی اکثریت سے خوف زدہ ہوکر دیہی آبادی کے ووٹروں کو شامل کیا گیا ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی انتخابات سے قبل دھاندلی کی کوششو ں کو ناکام بنائے گی اور تحریک انصاف کے کارکن صورت حال کی کڑی نگرانی کریں گے جبکہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ حکام کو فورا شکایت کی جائے گی انہوں نے کہا کہ کینٹ کے انتخابات کے بارے میں حکومتی وزرا ء اور مشیرو ں کی طرف سے ترقیاتی کاموں کے اعلان بھی دھونس اور دھاندلی کا حصہ ہیں جن کا متعلقہ اداروں کو نوٹس لینا چاہیے ایسے ہتھکنڈوں سے ووٹروں کو گمراہ نہیں کیا جاسکتاعوام نے عمران خان کی قیادت میں ملک گیر تبدیلی لانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا بھر پور اظہار 25اپریل کے بلدیاتی انتخابات میں ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ء یونین کونسل 5لاہورکینٹ ٹاؤن سے پی ٹی آئی کے اُمید وارسید عشر ت حسین کی قیادت میں پارٹی وفد نے لاہور آفس میں ضلعی صدر ر عبدالعلیم خان سے ملاقا ت کی اور نواز لیگ اور پیپلز پارٹی سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہااور 25اپریل کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے لیے بھرپور مہم چلانے کا اعلان کیا شعیب صدیقی نے بتایا کے اس ٹیم نے عام انتخابات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور کینٹ کے بلدیاتی الیکشن میں بھی یہ کارکن کامیابی حاصل کریں گے اس موقع پرپی پی پی سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے سید نواز علی شاہ، نواز لیگ سے پی ٹی آئی کی حمایت کرنے والے محمد عارف اعوان ، چوہدری عمران ، محمد اکرم اور میڈم ارم بھی موجود تھیں جنہوں نے پارٹی اُمیدوار کی بھرپور انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات