Live Updates

یمن کی صورتحال پر مشاورت نہ کرنے پروزیر اعظم سے گلہ ہے ،مشرق وسطیٰ بارے تمام فیصلے پارلیمنٹ میں کئے جائیں، نوازشریف پر کوئی مشکل آئی تو ساتھ کھڑے ہونگے،حرمین شریفین دفاع کیلئے جان دینے کو تیار ہوں ، حکومت پہلے اپنے ملک کو دیکھے پھر دیگر ملکوں کی مدد بارے فیصلہ کرے،عمران خان پارلیمنٹ میں آئیں ،ہمارے ساتھ مل کر الیکشن کمیشن کو خودمختار بنائیں

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کا ذوالفقار بھٹو کی 36ویں برسی پر جلسے سے خطاب

ہفتہ 4 اپریل 2015 20:17

یمن کی صورتحال پر مشاورت نہ کرنے پروزیر اعظم سے گلہ ہے ،مشرق وسطیٰ بارے ..

نوڈیرو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء ) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے وزیر اعظم نوازشریف سے شکوہ کرتے ہوئے کہاہے حکومت یمن کی صورتحال پر ہم سے مشورہ نہیں کررہی تاہم اگر وزیراعظم نوازشریف پر کوئی بھی مشکل آئی تو ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، حرمین شریفین دفاع کے لئے خود جاکر لڑنے کو تیارہوں ، افغانستان اور پاکستان میں خون بہہ رہا ہے لہٰذا حکومت پہلے اپنے ملک کو دیکھے پھر دیگر ملکوں کی مدد کے بارے میں فیصلہ کرے،جوڈیشل کمیشن کی ٹرمز آف ریفرنس کافی نہیں، اس کے لیے پارلیمنٹ میں فیصلوں کی ضرورت ہے ،عمران خان پارلیمنٹ میں آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر الیکشن کمیشن کو خودمختار بنائیں۔

وہ ہفتہ کو پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار بھٹو کی 36ویں برسی کے موقع پریہاں جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ بھٹو نے لکھا تھا کہ میرے جانے کے بعد ہمالیہ روئیں گے، آج ہمالیہ پر لگی آگ سے عالم اسلام کو خطرہ ہے اور ہمارے بچوں کو بھی اس آگ سے خطرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال اسلامی ملکوں کو لڑانے کی سازش ہے، ہر مسلمان حرمین شریفین کے لیے اپنی جان دے سکتا ہے۔

انہوں ے کہا کہ افغانستان اور پاکستان میں خون بہہ رہا ہے لہٰذا حکومت پہلے ملک کو دیکھے پھر دیگر ملکوں کی مدد کے بارے میں فیصلہ کرے۔آصف زرداری نے کہا کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے معاہدے پرعمران خان کومبارکباد دیتے ہیں تاہم دھاندلی روکنے کے لیے جوڈیشل کمیشن کی ٹرمز آف ریفرنس کافی نہیں اس کے لیے پارلیمنٹ میں فیصلوں کی ضرورت ہے لہٰذا عمران خان پارلیمنٹ میں آئیں اور اپوزیشن کو مضبوط اور الیکشن کمیشن کو شفاف بنائیں اور ہمارے ساتھ مل کر الیکشن کمیشن کو خودمختار بنائیں اور اسے مالی طور پر مستحکم کرنے کے لئے کام کریں ۔

۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں حکومت سے بہت گلے شکوے ہیں، سب لوگوں کو پارلیمنٹ میں بیٹھ کر فیصلہ کرناچاہیے تا کہ کل کو کوئی یہ نہ کہے کہ فرد واحد کے فیصلے کی وجہ سے سب کچھ ہوا۔انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے تیار ہیں اور میں اس کیلئے جا کر لڑنے کو بھی ترجیح دوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ہے اور حکومت سے گلہ ہے کہ سندھ میں 18 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ حکومت موجودہ صورتحال پر ہم سے مشورہ نہیں کررہی نوازشریف ہمیں بلا کر خود تحفظات کا شکار نہ ہوں اگر ان پر کوئی مشکل آئی تو ہم ساتھ کھڑے ہوں گے۔دریں اثناء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر اعتراز احسن نے کہا کہ 1973ء میں اسرائیل نے عرب ملکوں پر حملہ کیا تو ذوالفقار بھٹو نے عالم اسلام کو اکٹھا کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ، یمن ، شام ، عراق ، افغانستان میں آگ لگی ہوئی ہے ، حکمرانوں کو بھٹو کی زندگی سے مستفید ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی خاطر شہادت کے مرتبے پر فائز ہونیوالوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات