قرض اتاروملک سنوارو کے نام پرعوام نے حکمرانوں کو اربوں کا چندہ دیا مگر آج بھی بچہ بچہ آئی ایم ایف کا مقروض ہے ‘ سراج الحق

مظلوم عوام کی طرف سے عالی شان بنگلوں کا محاصرہ کر نے سے قبل جاگیرداروں اور وڈیروں کو عوام کے غصب شدہ حقوق واپس کرنا ہونگے

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:59

لاہور( ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ اس سے پہلے کہ مظلوم عوام عالی شان بنگلوں کا محاصرہ کر لے جاگیرداروں اور وڈیروں کو عوام کے غصب شدہ حقوق واپس کرنا ہوں گے، جماعت اسلامی کو حکومت میں آنے کا موقع ملا تو قائد اعظم کے اسلامی پاکستان کا ادھورا ایجنڈا پورا کردیں گے ، سیاسی جماعتوں کے وہ مخلص کارکن جو پاکستان کو ایک اسلامی، فلاحی اور خوشحال مملکت دیکھناچاہتے ہیں وہ ہمارے ساتھ مل جائیں ،ہم نے کرپشن اور کرپشن کرنیوالوں کے خلاف اعلان جنگ کر دیاہے ، ہم گوریلا وار اور اسلحہ کے زور پر تبدیلی کے قائل نہیں بلکہ ہم جمہوری اور آئینی طریقے سے تبدیلی لاناچاہتے ہیں، ملک پر سالہاسال سے حکمرانی کرنیوالی جماعتوں نے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے ، یہ سرمایہ دار وں کے ٹولے ہیں جو ایک دوسرے کے گناہوں اور کرپشن پر پردہ ڈالتے ہیں اور اسے تحفظ دیتے ہیں یہ کسی صورت بھی ایک دوسرے کا احتساب نہیں کریں گے ، چوروں اور لٹیروں کا احتساب ہم کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن راوی لاہور میں رابطہ عوام مہم کے سلسلہ میں منعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد اور شاہد نوید ملک نے بھی خطاب کیا ۔سراج الحق نے کہاکہ قرض اتاروملک سنوارو کے نام پرعوام نے حکمرانوں کو کروڑوں نہیں اربوں روپے کا چندہ دیا مگر آج بھی ملک کا بچہ بچہ آئی ایم ایف کا مقروض ہے ۔

انہوں نے وزیر خزانہ سے کہاکہ وہ پندرہ سولہ ہزار میں ایک خاندان کامہینے کا بجٹ بنا دیں تو میں مان لوں گا کہ وہ واقعی معیشت دان ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے لیے بجلی گیس کے بل اور بچوں کی فیسیں ادا کرنا ممکن نہیں رہا معاشرے میں حکمرانوں کے خلاف نفرت بڑھ رہی ہے حکمران میری طرح فٹ پاتھ پر بیٹھ کر غریبوں کے مسائل سنیں تو ان پر قیامت ٹوٹ پڑے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں قومیتوں اور شیعہ سنی کی نہیں ، ظالم اور مظلوم کی لڑائی ہے ۔ جاگیردار کروڑوں خرچ کر کے اسمبلیوں میں پہنچتے ہیں اور غریبوں کی قسمت کے فیصلے کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام آئندہ الیکشن میں اپنے ووٹ کی قوت سے ظالموں سے اپنی محرومیوں کا بدلہ لینے کا عزم کریں ۔ غریب ہمیشہ جاگیرداروں اور وڈیروں کے خوشنما نعروں سے دھوکا کھاتے ہیں ۔

انہوں نے حکمران پارٹی کو دعوت دی کہ وہ اپنا منشور اٹھا کر دیکھے اور انتخابات کے موقع پر عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے ۔سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کے غریب عوام روٹی کے ایک ایک لقمہ کو ترس رہے ہیں ۔ 68 سال میں غریب کی زندگی میں خوشحالی کا ایک لمحہ نہیں آیا بلکہ ہر نیا دن ان کے لیے مصیبتیں اور پریشانیاں لے کر آتاہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ غریب کو کہیں انصاف نہیں ملتا ملک میں غریب کا خون اور عزت ہی سستی کیوں ہے ؟غریب کی بچیوں کو اٹھالیا جاتاہے اور انہیں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتاہے مگر اس ظلم و جبر کو روکنے والا کوئی نہیں اور نہ ان کی کسی جگہ شنوائی ہوتی ہے ۔

سراج الحق نے تحریک پاکستان میں خواتین کے انقلابی کردار کو سراہتے ہوئے ماؤں بہنوں بیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ بھی رابطہ عوام مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور تحریک پاکستان کو پاکستان کی تکمیل کی تحریک بنا دیں ۔

متعلقہ عنوان :