بھارت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مالی امداد کی پیشکش کردی

اتوار 5 اپریل 2015 13:46

بھارت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مالی امداد کی پیشکش کردی

دہلی ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء ) بھارتی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی خراب مالی صورتحال پر پی ایچ ایف کو فنڈز فراہم کرنے کی پیشکش کردی ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ہاکی میں ایک بڑا نام ہے اور کئی مرتبہ وہ عالمی چیمپئن رہنے کے علاوہ کئی اور عالمی ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے لیکن بعض اطلاعات کے مطابق پی ایچ ایف مالی بحران کا شکار ہے جس پر ہمیں افسوس ہے ۔

دونوں ممالک کے درمیان ہاکی کے مقابلے ہونے چاہئیں اور اس کیلئے رابطے جاری رہتے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی ہاکی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کے سیکرٹری کو ایک خط بھجوایا ہے جس میں مالی امداد کی پیشکش کی گئی ہے ۔ پاکستان کو اولمپکس کا کوالیفائنگ راؤنڈ لازمی کھیلنا چاہیے اور فنڈز کی کمی کے باعث تربیتی کیمپ بند نہیں ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

پاکستان ہاکی کے کھلاڑیوں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری جاری رکھنی چاہیے ۔

ترجمان نے کہا کہ دنیا میں پاکستان اور بھارت کا ہاکی میں بڑا نام ہے اور دونوں ممالک کے ہاکی کے فروغ کیلئے آپس میں رابطے اور تعاون جاری رکھیں گے ۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر اختر رسول نے وزیر اعظم نواز شریف سے قومی کھیل کو بچانے کی دردمندانہ اپیل کی تھی ۔

متعلقہ عنوان :