امرود کے نئے پودے لگانے کا عمل 30اپریل تک مکمل کرلیا جائے‘ ماہرین زراعت

اتوار 5 اپریل 2015 15:45

لاہور( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء)ماہرین زراعت نے باغبانوں کو امرود کے نئے پودے لگانے کا عمل 30اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور کہاہے کہ اپریل کا مہینہ امرود کے نئے پودے لگانے کیلئے انتہائی موزوں ہے کیونکہ اس مہینہ میں لگائے گئے پودے بہتر پرورش کے حامل ہو سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق امرود کے پودے لگانے کیلئے بھاری میرا سے ہلکی ریتلی اور ہر قسم کی زمین کا چناؤ کیاجا سکتا ہے تاہم نرم اور زرخیز زمین امرود کی کاشت کیلئے آئیڈیل ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اچھی پیداوار کے حصول کیلئے امرود کی اقسام سفیدی ، صراحی ، چھوٹی صراحی، کریلا، حصفی اور بے دانہ بہترین نتائج کی حامل ثابت ہوئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق پودا لگانے کے لئے 3مکعب فٹ سائز کے گڑھے کھودنے چاہئیں اور گڑھا کھودتے وقت اوپر کی 30سینٹی میٹر مٹی ایک طرف جبکہ باقی مٹی دوسری طرف کر دینی چاہیے اور ان گڑھوں کو 2سے 3ہفتے تک کھلا چھوڑ دینا چاہیے ۔ امرود کے نئے پودے لگانے سے 2ہفتے قبل گڑھوں کی اوپر والی ایک فٹ مٹی کے برابر ایک حصہ بھل اور ایک حصہ گوبر کی گلی سڑی کھاد اچھی طرح ملا کر بھر دینی چاہیے تاکہ پودے کی بہترین افزائش نسل یقینی ہو سکے۔