سندھ نے اراضی کے ریکارڈ کو کمپیوٹر ائزڈ کرنے کیلئے پنجاب سے تعاون کی درخواست کر دی

پنجاب نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کر اد ی ،حکومت پنجاب ہر سطح پر اپنی فنی مہارت فراہم کرے گی‘ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو

اتوار 5 اپریل 2015 16:05

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء) صوبہ سندھ نے اراضی کے ریکارڈ کو کمپیوٹر ائزڈ کرنے کیلئے پنجاب سے تعاون کی درخواست کر دی ۔یہ درخواست صوبہ سندھ کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو شعیب احمد صدیقی کی سربراہی میں اعلی افسران نے بورڈ آف ریونیو کے دورہ کے دوران کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب ندیم اشرف نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اراضی ریکارڈ کی شفاف اور باسہولت خدمات کی فراہمی کے لئے وزیراعلی پنجاب کی خصوصی توجہ کی وجہ سے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹمز منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب سے رواں دواں ہے-انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر کی تمام 143 تحصیلوں میں قائم اراضی ریکارڈ سنٹرز کے ذریعے لاکھوں مالکان اراضی کو 30منٹ میں کمپیوٹرائزڈ فرد اور 50منٹ دورانیہ میں تصدیق انتقال کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں-ایک محتاط اندازے کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران ان سنٹرز سے 77601 کمپیوٹرائزڈ فردات کے اجراء اور 24809تصدیق انتقالات سے ساڑھے تہتر کروڑ سے زائد رقم حکومتی خزانے میں جمع کرائی گئی- انہوں نے ضلع لاہور کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور کے کل 363مواضعات میں سے 186مواضعات کا ریکارڈکمپیوٹرائزڈ کیا جاچکا ہے جبکہ تاحال 29مواضعات سیٹلمنٹ ،2زیراشتمال ہیں جبکہ 115شہری مواضعات میں سے 96مواضعات کی جمع بندیاں بے حد درینہ ہونے کے باعث ان کی نئی جلدیں تیار کروائی جارہی ہیں جو کہ جون 2015تک عملہ مال کی جانب سے فراہم کی جانا متوقع ہیں جبکہ 19ایسے مواضعات کمپیوٹرائزڈ کئے جاچکے ہیں-سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے کہا کہ تقریبا ہر ضلع میں اس قسم کی بے شمار مشکلات کو عبور کرتے ہوئے تاحال پنجاب کے 20اضلاع میں اراضی ریکارڈ کا کمپیوٹرائزیشن کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ 16اضلاع کے ریکارڈ کا اندراج بھی مکمل کیا جاچکا ہے تاہم عملہ مال کی جانب سے کمپیوٹرائزڈ رجسٹر حقداران زمین کی تصدیق و تصحیح کے بعد یہ منصوبہ جلد مکمل کرلیا جائے گا-ندیم اشرف نے مزید بتایا کہ پروانشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو اپ گریڈ کردیا گیا ہے-جدید خطوط پر استوار ہونے کے بعد اس کی کارکردگی بہت بہتر ہوگئی ہے- یہ ادارہ مستقبل کی کسی بھی قدرتی و ناگہانی آفات کے بارے پیشگوئی کرسکے گا اور فی الفور ریلیف کے انتظامات بھی قبل از وقت مکمل کرسکتا ہے- انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے امدادی اشیاء کا ذخیرہ تمام بنائے گئے سٹوروں میں مکمل کیا جاچکا ہے-اس موقع پر سندھ کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو شعیب احمد صدیقی نے بھی صوبہ سندھ کی اراضی کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے بھی درخواست کی تاکہ صوبہ سندھ میں بھی لینڈ مافیا کی سرکوبی کی جا سکے - جس پر ندیم اشرف نے انہیں او ران کی ٹیم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ہر سطح پر اپنی فنی مہارت فراہم کرے گی-

متعلقہ عنوان :