پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات ہیں،مقامات مقدسہ کا دفاع کریں گے،حکومت برادر ملک کی طرف سے کیے گئے مطالبے بارے بتائے ،پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء کائرہ کی سکھر میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 5 اپریل 2015 17:25

سکھر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء و سابق وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات ہیں،مقامات مقدسہ کو خطرہ لاحق ہوا تو بھرپور دفاع کریں گے،حکومت بتائے برادر اسلامی ملک کی جانب سے کیا مطالبہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اتوار کو سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہر پاکستانی کا دن سعودی عرب کے ساتھ دھڑکتا ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی اور جس طرح سعودی پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اسی طرح ہر پاکستانی سعودی عرب کے بارے میں جذبات رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عر ب میں مقدس مقامات کو خطرہ ہوا تو بھرپور دفاع کریں گے، حکومت بتائے کہ سعودی عرب کا مطالبہ کیا ہے، سعودی عرب برادر ملک ہے اور اس سے پرانا رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان لڑائی کا خاتمہ ہونا چاہیے، مشرق وسطیٰ بارے فیصلے پارلیمنٹ میں کئے جائیں، دوسروں کے ساتھ اتنی کرنی چاہیے جتنی خود برداشت کرسکیں،ماضی میں دوسروں کی لگائی آگ آج ہمارے گھر پہنچ چکی ہے۔