Live Updates

عمران خان نے پارلیمنٹ میں واپسی کا اعلان کر دیا، قومی اسمبلی کے اجلاس میں یمن کی صورتحال پر اپنا موقف پیش کروں گا جبکہ بھرپور طریقے سے اپوزیشن کا کردار ادا کرکے بھی دکھائیں گے، چئیرمین پاکستان تحریک انصاف

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 5 اپریل 2015 18:03

عمران خان نے پارلیمنٹ میں واپسی کا اعلان کر دیا،  قومی اسمبلی کے اجلاس ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5اپریل۔2015ء) عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن کے قیام پر معاہدے کے بعد اسمبلی میں واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے استعفے منظور نہیں ہوئے، اسمبلی کے ُرکن ہیں۔

تحریک انصاف کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کرے گی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں یمن کی صورتحال پر اپنا موقف پیش کروں گا جبکہ بھرپور طریقے سے اپوزیشن کا کردار ادا کرکے بھی دکھائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم گزشتہ سال سڑکوں پر اس لئے نکلے تھے کیونکہ 2013ء کے انتخابات میں ہمارا مینڈیٹ چُرایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ہم ثابت کرینگے کہ 70 لاکھ کے قریب جعلی ووٹ ڈالے گئے تھے۔

میرا ایمان ہے کہ 2015ء الیکشن کا سال ہوگا۔ اب جبکہ جوڈیشل کمشن کا فیصلہ ہو گیا ہے، اس لئے اسمبلیوں میں واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ این اے 246 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینا ہمارا جمہوری حق ہے۔ کراچی میں جو کچھ ہوا ایم کیو ایم سے اس کی اُمید نہیں تھی۔ کریم آباد میں لگائے گئے پی ٹی آئی اے کے کیمپ پر ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پلاننگ کے ساتھ دھاوا بولا تھا۔

ہم اس حرکت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم نے جمہوری پارٹی بننے کا سنہری موقع گنوا دیا ہے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں اب خود کراچی جا رہا ہوں اور شہر کے ہر علاقے کا دورہ کروں گا۔ الطاف حسین نے جو کرنا ہے کر لیں۔ لوگ ظلم اور خوف کی سیاست سے تنگ آ گئے ہیں۔ اس سے قبل بنی گالہ میں عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں پارلیمںٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے تمام قومی اسمبلی اراکین کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ کل قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں جنگ زدہ ملک یمن کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ واضع رہے کہ تحریک انصاف کے اراکین نے اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ سال اگست 2014ء میں قومی اسمبلی سے استعفے دے دیے تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات