ایرانی مجلس شوریٰ کے سپیکر کا سپیکر سردار ایاز صادق سے ٹیلی فون پر رابطہ ، یمن کی صورتحال کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے پر اتفاق،ایٹمی پروگرام پر معاہدے سے ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم ہوں گی ، دونوں رہنماؤں کی گفتگو

اتوار 5 اپریل 2015 22:22

ایرانی مجلس شوریٰ کے سپیکر کا سپیکر سردار ایاز صادق سے ٹیلی فون پر رابطہ ..

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اپریل۔2015ء) قومی اسمبلی کے سپیکر اور ایرانی مجلس شوریٰ کے سپیکر کے درمیان ہونیوالے رابطے میں یمن کے بحران کا پرامن سیاسی حل تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی کی مجلس شوریٰ کے سپیکر علی لارے جانی نے قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کیا اور ان سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال بالخصوص یمن میں حوثی باغیوں کی طرف سے حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد پید اہونیوالے کشیدہ حالات پر تبادلہ خیالات کیا گیا ۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یمن کی صورتحال کا حل سیاسی مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے اور ایسا حل نکالنا چاہیے جس سے امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو ۔

(جاری ہے)

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں پڑوسی ممالک ہیں اور دونوں ممالک کو چاہیے کہ ناصرف خطے بلکہ یمن میں امن کے قیام کیلئے آپس میں رابطے قائم رکھیں ۔

ایرانی سپیکر نے کہا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے ہونیوالے معاہدے سے خطے میں استحقام پیدا ہوگا اور امت مسلمہ کو بھی اس سے فائدہ پہنچے گا ۔ ایرانی سپیکر نے کہا کہ یمن میں کشیدگی اور جنگ سے غیر مسلم قوتیں فائدہ اٹھائیں گی لہٰذا جنگ کی بجائے اس مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے اور یمن میں جنگ شروع کرنیوالوں کو افغانستان میں نیٹو فورسز اور سویت یونین کے ساتھ جو کچھ ہوا اسے مد نظر رکھنا چاہیے ، یمن میں فوجی مداخلت سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ اس سے مسائل مزید پیچیدہ ہوں گے ۔

پاکستان کی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے عالمی قوتوں اور ایران کے درمیان ایٹمی پروگرام کے حوالے سے ہونیوالے معاہدے کا خیر مقدم کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اس معاہدے کے بعد ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم ہو جائیں گی ۔ ایرانی حکومت کے حکام کے مطابق پاکستان کی حکومت یمن کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی اور پاکستان کی حکومت کی یہ خواہش ہے کہ یمن میں امن سے امت مسلمہ کو فائدہ پہنچے گا ۔