پنجاب حکومت کی نااہلی کے باعث صوبہ کے عوام حرام گوشت کھانے پر مجبور ہیں، قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

پیر 6 اپریل 2015 12:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) مسلم لیگ (ق) کی رکن پنجاب اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرواتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی نااہلی کی وجہ سے صوبہ بالخصوصی لاہور کی عوام حرام، مردار، بیمارجانوروں کا گوشت کھانے پر مجبور ہیں جن کی وجہ سے عام شہری حفظان صحت کے اصولوں پر پورا نہ اترنے والے گوشت کے استعمال کے باعث سنگین بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کی رپورٹ نے پنجاب حکومت اور اسکے متعلقہ اداروں کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت بے نقاب کردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صرف بیانات دینے کی چیمپئین ہیں ان کی نظر اگر ان مسائل پر ہوتی تو جرائم پیشہ عناصر عوام کو حرام گوشت نہ کھلارہے ہوتے اور اپنی جیبیں نہ بھر رہے ہوتے۔

(جاری ہے)

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ اگر قومی میڈیا کے چند درجن صحافی جرم اور برائی کی طے تک پہنچ جاتے ہیں اور دستاویزی اور ڈاکومینٹری ثبوت قوم کو دکھادیتے ہیں تو ہزاروں کی تعداد پر مشتمل پولیس اور دیگر اہلکار کیا کررہے ہیں ؟انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں نااہل اور نان پروفیشنل افراد کی وسیع پیمانے پر بھرتیوں کی وجہ سے اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ ہورہی ہے اور ملی بھگت سے شہریوں کو گدھے سمیت مردار گوشت کھلایا جارہا ہے۔