پولیو کے خاتمہ میں ویکسینیٹر سپروائزر اور ویکسینیٹرز کا بنیادی کردار ہے‘ ڈاکٹر زاہد پرویز

پیر 6 اپریل 2015 15:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہا ہے کہ پولیو سمیت تمام وبائی امراض کا خاتمہ اور روک تھام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،بچے ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں بیماریوں سے محفوظ بنانا ہمارا قومی فریضہ ہے جس کیلئے روٹین ایمونائز یشن کوریج کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانا ناگزیر ہے۔

انہوں نے یہ بات پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سینٹر میں ای پی آئی سپروائزر کیلئے ٹریننگ آف ماسٹر ٹرینرز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل ثقلین، پنجاب ہیلتھ سیکٹرز ریفارمز پروگرام کے ڈائریکٹر علی بہادر قاضی، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ ، پروکیورمنٹ سپیشلسٹ محکمہ صحت طیب فرید کے علاوہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

یہ تربیتی ورکشاپ 6اپریل سے 23اپریل تک جاری رہے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے مزیدکہاکہ گذشتہ 4ماہ کے دوران محکمہ صحت کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ای ویکس سسٹم کے ذریعے پولیو کوریج اور ای پی آئی کے تحت روٹین ایمونائزیشن کوریج کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہاکہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ایمونائزیشن کرنے والے ویکسینیٹرز اور پولیو ورکرز سرکاری ڈیوٹی کے ساتھ قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہاکہ ڈاکٹر سہیل ثقلین نے پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سینٹر میں ہیلتھ منیجرز، ویکسینیٹرز، ہیلتھ ٹیکنیشنز اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کیلئے ٹریننگ پروگرام کاباقاعدہ انعقاد کرکے اس ادارے میں جان ڈال دی ہے اور اب پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سینٹر صحت کے شعبہ کی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹریننگ اور کیپسٹی بلڈنگ ایک مسلسل عمل ہے اسے جاری رہنا چاہیے۔

قبل ازیں پنجاب ہیلتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل ثقلین نے ادارے میں تربیتی پروگراموں کے انعقاد اور ان کی افادیت بارے تفصیل بیان کی اور آئندہ ہونے والے ٹریننگ ورکشاپس کے شیڈول سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ پنجاب ہیلتھ سیکٹرز ریفارمز پروگرام کے ڈائریکٹر علی بہادر قاضی نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہیلتھ روڈمیپ پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے جس سے ہیلتھ سیکٹر کے انڈیکیٹرز میں نمایاں بہتری مشاہدہ میں آ رہی ہے اور آئندہ چند ماہ کے دوران ہیلتھ سیکٹر میں نمایاں پیش رفت ہوگی۔ اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ نے شرکاء میں شیلڈز اور سونیئرز بھی تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :