ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس نے میامی اوپن کا ڈبلز ایونٹ اپنے نام کر لیا

پیر 6 اپریل 2015 15:57

ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس نے میامی اوپن کا ڈبلز ایونٹ اپنے نام کر ..

میامی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار6اپریل ۔2015ء )بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور سوئٹزر لینڈ کی مارٹیناہنگس نے میامی اوپن کا ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے ۔خواتین کے ڈبلز میں پہلی رینکنگ رکھنے والی ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی نے درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آنے والی روس کی ایکاترینا ماکرووا اور ایلینا ویسنیا کی جوڑی کو 5-7 اور 1-6 سے شکست دی۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیٹ میں 2-5 سکور کے بعد انھوں نے شاندار واپسی کرکے مسلسل آٹھ گیمز میں کامیابی سمیٹ کر سیٹ پر قبضہ کر لیا، اس سے قبل ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی نے روسی جوڑی کو ہی فائنل میں شکست دے کر انڈین ویلز کا خطاب بھی جیتا تھا۔

میچ کے بعد ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے کو کہہ رہے تھے کہ یہ جدوجہد جاری رکھیں گے ، گذشتہ ہفتے سب کچھ بہت آسانی سے حاصل ہو گيا تھا اور ہم کسی بھی سیٹ میں چار گیمز سے زیادہ نہیں ہارے تھے لیکن یہاں قدرے گھبرا رہے تھے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا تھا کہ ہم اچھا نہیں کھیل رہے ہیں ، ہم عام طور پر اس کے عادی نہیں ہیں۔ ادھر مارٹینا ہنگس نے اس جیت کا سہرا ثانیہ کے والد عمران مرزا کو دیا جنھوں نے میچ کے دوران انھیں چند نکات بتائے تھے ۔

یہ ثانیہ کے کریئر کا 25 واں ڈبلز خطاب ہے اور اب وہ ڈبلز میں انفرادی طور پر پہلا مقام حاصل کرنے سے صرف 145 پوائنٹس پیچھے ہیں ،رینکنگ میں ایک اور دو نمبر پر اٹلی کی سارا ایرانی اور روبرٹا وینسی مشترکہ طور پر موجود ہیں ۔ ثانیہ اور ہنگس کی جوڑی کی خاص بات یہ ہے کہ جب سے انہوں نے جوڑی بنائی ہے انھیں اب تک ایک بھی سیٹ میں شکست نہیں ہوئی۔