باب پاکستان کا منصوبہ تحریک پاکستان کیلئے دی گئی لازوال قربانیوں کو اجاگر کرنے میں اہم ہے‘شہبازشریف

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی شرکت،باب پاکستان منصوبے کا جائزہ لیاگیا

پیر 6 اپریل 2015 17:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں باب پاکستان کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے خصوصی طورپر اجلاس میں شرکت کی،سیکرٹری اطلاعات مومن آغانے باب پاکستان کے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باب پاکستان کا منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

باب پاکستان تحریک پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے ہمارے آباؤ اجداد کی یاد میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد سے روشناس کرانا قومی ذمہ داری ہے۔باب پاکستان کا منصوبہ قیام پاکستان کیلئے دی گئی قربانیوں کو اجاگر کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

باب پاکستان فاؤنڈیشن تشکیل دے کر بورڈز کے ممبران کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

تاریخی نوعیت کے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ باب پاکستان کے منصوبے میں گراؤنڈزاور کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے۔تحریک قیام پاکستان کے حوالے سے تصاویر اور آرٹسٹوں کو پروموٹ کرنے کے حوالے سے بھی پلان بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ دیگر تفریحی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کے باعث ہمیں آزاد خطہ پاکستان نصیب ہوا۔لاکھو ں کی تعداد میں مسلمانوں کو ہجرت کے تکلیف دہ مرحلے سے گزرنا پڑا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ باب پاکستان کا منصوبہ مسلمانوں کی ہجرت اور قربانیوں کی یاد تازہ کرے گا۔ منصوبے کی اسی تاریخی اہمیت کے پیش نظر اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اراکین صوبائی اسمبلی میاں نصیر، یاسین سوہل، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ، ایم ڈی نیسپاک، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔