مقبوضہ وادی کا جوان دلہنیا لینے ڈیڑھ ہزار کلومیٹر کا سفر طے کرکے آزادکشمیر پہنچ گیا

پیر 6 اپریل 2015 19:56

مقبوضہ وادی کا جوان دلہنیا لینے ڈیڑھ ہزار کلومیٹر کا سفر طے کرکے آزادکشمیر ..

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) مقبوضہ وادی کا 25سالہ جوان ڈیڑھ ہزار کلومیٹر کا سفر طے کر کے آزادکشمیر کے قصبہ چناری کی دلہنیا کو بیاہ کر لے جانے میں کامیاب ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر کے سرحدی قصبہ اوڑی اسلام آباد کے 25 سالہ طالب علم عرفان احمد اور آزاد کشمیر کے قصبہ چناری کی 24 سالہ اسمعہ بشیر رشتہ اشدواج میں منسلک ہو گئے ، والدین بہن بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں نے خوشی کے آنسوں میں اسمعہ بشیر کو مقبوضہ وادی کی طرف رخصت کیا۔

مظفرآباد میں ہونیوالی شادی کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے دولہا عرفان احمد نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں شادی ہونے پر بہت خوش ہیں، وادی کشمیر میں اب بھی بہت سے لوگ آزاد کشمیر اور پاکستان میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں اپنے بچوں کی شادیاں کروانا چاہتے ہیں لیکن سفری مشکلات کی وجہ سے ایسا کرنا ممکن نہیں ہے ،دونوں خاندانوں کے گھروں کا درمیانی فاصلہ بمشکل تیس کلو میٹر ہے لیکن سفری سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے میں اور والدین 1500 کلو میٹر کا سفر طے کر کے چناری پہنچے۔

(جاری ہے)

چناری کی رہائشی دلہن اسمعہ بشیر نے کہا کہ والدین کی خوشی کو مد نظر رکھتے ہوئے 1947 میں ختم ہونے والے رشتے ایک بار پھر قائم ہوئے ہیں ، وادی کشمیر جا کر والدین اور اپنے وطن کی یاد تو آئے گی لیکن پھر بھی سفری دستاویزات مکمل ہونے کے بعد اپنے سسرال وادی کشمیر روانہ ہو جاؤں گی۔افسردہ لہجے میں دلہن نے اپیل ہے کہ دونوں اطراف کے لوگوں کو با آسانی ملنے کے لیے مزید سفری سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ عوام کو آنے جانے میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :