محمد حفیظ اور ویمن ٹیم کی آل راؤنڈر جویریہ خان کے باؤلنگ ایکشن کا آفیشل ٹیسٹ 9 اپریل کو ہوگا

منگل 7 اپریل 2015 11:29

محمد حفیظ اور ویمن ٹیم کی آل راؤنڈر جویریہ خان کے باؤلنگ ایکشن کا آفیشل ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ اور ویمن ٹیم کی پلیئر جویریہ خان کے باؤلنگ ایکشن کا آفیشل ٹیسٹ 9 اپریل کو چنائی، بھارت میں ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بورڈ کی درخواست پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دونوں پلیئرز کے باؤلنگ ایکشن کے آفیشل ٹیسٹ کیلئے 9 اپریل کی تاریخ دی ہے۔

حفیظ کو گزشتہ برس دسمبر میں غیرقانونی باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ کرنے سے معطل کر دیا گیا تھا، ابتدائی طور پر انہوں نے 6 فروری کو ٹیسٹ دینا تھا لیکن پاؤں کی انجری کے باعث وہ ٹیسٹ نہیں دے سکے تھے اور انجری کے باعث انہیں ورلڈ کپ سے بھی دستبرداری اختیار کرنا پڑی تھی۔

(جاری ہے)

ستمبر 2014ء میں چیمپئنز لیگ ٹی ٹونٹی کے دوران حفیظ کا باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دیا گیا تھا لیکن اس کا انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی اثر نہیں تھا اس کے بعد نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ابو ظہبی ٹیسٹ کے دوران دوبارہ ان کے ایکشن پر اعتراض کیا گیا، وہ دسمبر میں آفیشل ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام رہے جس پر آئی سی سی نے ان پر ایکشن کی درستگی تک انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ کی پابندی عائد کر دی۔

جویریہ خان کو 2010ء میں غیرقانونی باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے معطل کیا گیا تھا۔