اسلام آباد ہائی کورٹ کا آئی جی اسلام آباد کو ڈرون حملے کامقدمہ درج کرکے رپورٹ جمع کرانے کا حکم

منگل 7 اپریل 2015 13:09

اسلام آباد ہائی کورٹ کا آئی جی اسلام آباد کو ڈرون حملے کامقدمہ درج کرکے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو کریم خان کے بیٹے اور بھائی کی ڈرون حملے ہلاکت کیس کی ایف آئی آر تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں درج کرکے رپورٹ رجسٹرار اسلام آباد کو جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ڈرون حملے میں کریم خان کے بیٹے اور بھائی کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی سماعت کی۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد طاہر عالم پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کے اندراج سے دو ملکوں کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں لہذا عدالت اس معاملے پر حکم جاری نہ کرے اور ایف آئی آر درج نہ کی جائے۔آئی جی طاہر عالم کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ اس کیس میں اہم فریق ہے تاہم چیف جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ اس معاملے کی درخواست ضرور درج ہوگی اور عدالتی حکم پر عمل درآمد ضرور ہوگا۔

(جاری ہے)

عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو حکم دیا کہ کریم خان کے بیٹے اور بھائی کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کرکے رپورٹ رجسٹرار اسلام آباد کے پاس جمع کرائی جائے۔ واضح رہے کہ وزیرستان کے رہائشی کریم خان نے امریکی ڈرون حملے میں اپنے بیٹے اور بھائی کی ہلاکت کی ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس میں پاکستان میں سی آئی اے کے سابق سٹیشن چیف ‘ ڈپٹی سٹیشن چیف اور لیگل ایڈوائزر کو نامزد کیا گیا تھا اور درخواست کی گئی تھی کہ ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔