Live Updates

جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے بعد پی ٹی آئی کا اسمبلیوں سے علیحدہ رہنے کا کوئی جواز نہیں تھا، واپسی کا خیر مقدم کرتے ہیں ‘ منظور وٹو

منگل 7 اپریل 2015 18:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمان میں واپسی کی خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان پیپلز پارٹی کے موقف کی بھرپور تائید ہوئی ہے جس نے کہا تھا کہ سیاسی مسائل کا حل صرف اور صرف مذاکرات میں ہی پنہاں ہے۔ اپنے ایک بیان میں منظور وٹو نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا اسمبلیوں سے علیحدہ رہنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔

انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بعض اراکین اسمبلی کی غیر پارلیمانی زبان کے استعمال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے غیر ذمہ دار اور غیر جمہوری رویہ قرار دیا اور کہا کہ یہ حکومتی کی دوغلے پن کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا موقف شروع دن ہی سے بڑا واضح اور جمہوری روایات کے عین مطابق رہا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور سینیٹر اعتزاز احسن کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی تقاریر کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممبران اسمبلی کے کردار کی صحیح عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے یاددلایا کہ کوچےئرمین آصف علی زرداری نے لاہور میں ملک کے سیاسی قائدین سے ملاقات کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بڑے واضح طور پر اعلان کیا تھا کہ ملکی سیاسی مسائل کا حل صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے فیصلے کن کردار کی وجہ سے ملک میں جمہوریت مضبوط بھی ہوئی اور محفوظ بھی کیونکہ اب ملک میں غیر جمہوری طاقتوں کی تمام سازشیں دم توڑ چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی محاذ آرائی اور انتقامی سیاست جمہوریت کی روح کے منافی ہونے کے علاوہ معاشرے میں شدت پسندی اور انتہاء پسندی کے رجحانات کو ہوا دیتی ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :