جماعت اسلامی دہشت ،وحشت اور نفرت کے خاتمے کے لئے کام کررہی ہے‘ میاں مقصوداحمد

رابطہ عوام مہم میں کارکنان لوگوں کوفرسودہ نظام سے آگاہ کریں‘ امیرجماعت اسلامی لاہور کا اجلاس سے خطاب

منگل 7 اپریل 2015 19:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ لاہور میں ہرگلی اور محلے میں رابطہ عوام مہم جاری ہے، کارکنان ڈور ٹوڈور لوگوں میں رابطہ کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے رابطہ عوام مہم کی مانیٹرنگ اور اس مہم کو موثر بنانے کیلئے جماعت اسلامی لاہور کے نائب امرا،ذکراللہ مجاہد ،میاں محمد رفیع، خلیق احمد بٹ، ڈاکٹر مشتاق مانگھٹ ،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور محمد عمیر خان اور نائب قیمین عبدالعزیز عابد،انجینئراحمد سلمان،عبدالحفیظ اعوان کی خصوصی ذمہ داریاں لگائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پرمعرض وجود میں آنے والے ملک میں کرپشن ،لوٹ مار ،لاقانونیت نے ڈیرے سجائے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ملک سے دہشت،وحشت اور نفرت کی سیاست کے خاتمے کے لئے جدوجہد کررہی ہے اور رابطہ عوام مہم کے ذریعے لاکھوں لوگوں کو ممبر اور ووٹر بناکر فرسودہ نظام کے خلاف بیداری پیداکرے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں حقیقی معنوں میں اللہ اور اس کے رسول کے نظام کانفاذ کیے بغیر مسائل سے نجات ممکن نہیں۔

ملک کے 18کروڑ عوام دن بدن ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ پانچ فیصد اشرافیہ ،جاگیرداروں ،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے پوری قوم کو یرغمال بنارکھا ہے۔ اور ملک کے سیاہ وسفید کے مالک بن بیٹھے ہیں۔ پاکستان میں جماعت اسلامی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جس کی قیادت بے داغ کردار کی حامل ہے اور نہ ہی جماعت اسلامی کے اندر موروثیت کی سیاست کاکوئی عمل دخل ہے۔ایسی ہی قیادت ملک کو مسائل سے نجات دلاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اول روز سے ہی ظلم کے نظام کو بدلنے کی بات کررہی ہے اور اسلامی پاکستان ،خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ۔ اگر عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو ملک سے غربت،کرپشن،لوٹ مار ،اقرباپروری ،جاگیردارانہ کلچر سمیت تمام مسائل کاخاتمہ ممکن ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :