حرمین اور قبلتین کے تحفظ کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے ‘ ڈاکٹرمحمد اشرف آصف جلانی

یمن میں زمینی لڑائی کے نتائج بڑے خطرناک ہوں گے ،فریقین امت مسلمہ کو مزید آزمائش میں نہ ڈالیں‘ سربراہ تحریک صراط مستقیم

منگل 7 اپریل 2015 20:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء)تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں تحفظ حرمین موومنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین اور قبلتین کے تحفظ کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے ۔یمن میں زمینی لڑائی کے نتائج بڑے خطرناک ہوں گے ،فریقین امت مسلمہ کو مزید آزمائش میں نہ ڈالیں ۔

(جاری ہے)

امریکہ اور مغربی ممالک خلیج میں وہابی شیعہ جنگ کے ذریعے اپنا اسلحہ فروخت کرنے میں مصروف ہیں وہ اپنے مفادات کی خاطر جلتی پہ تیل ڈالنے کا کام کر رہے ہیں مسلم حکمرانوں کو امریکی صیہونی سازش کے سامنے مل کر بند باندھنا چاہیئے ۔عرب ممالک کسی مسلمان ملک کے خلاف فوج تشکیل دینے کی بجائے حرمین اور قبلتین کے تحفظ کیلئے فوج تشکیل دیں ۔سعودی اور ایران سے وابستگیوں سے قطع نظر مسائل میں گھرے ہوئے پاکستان کے حکمرانوں کو سعودی عرب فوج بھیجنے کا بیان دینے سے پہلے یہ سوچنا چاہیئے کہ کیا ہم اس قابل بھی ہیں کہ ہم کسی دوسرے ملک کی مدد کر سکیں ۔جب ہم نے آئی ڈی پیز سے لیکر فوجی عدالتوں تک ہر طرف فوج کو الجھا رکھا ہے تو پہلے فوج کو اپنے ملک کی آگ تو بجھا لینے دیں ۔