پاکستان کو ایک بار پھر سپورٹس میں نمبرون بنا دیں گے‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور

منگل 7 اپریل 2015 20:29

پاکستان کو ایک بار پھر سپورٹس میں نمبرون بنا دیں گے‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ 60،70کی دہائی میں پاکستان سپورٹس کے میدان میں ٹاپ پر تھا لیکن اب وہ حالات نہیں ہیں، اب ہمارا ہد ف پاکستان کو ایک بار پھر سپورٹس میں نمبرون بنانا ہے، ہمیں یقین ہے کہ ایک بار پھر پاکستان میں جہانگیر خان اور اختر رسول جیسے عظیم کھلاڑی پیدا ہوں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے زیراہتمام پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے تعاون سے انٹرنیشنل ڈے آف سپورٹس فار ڈویلپمنٹ اینڈ پیس کے موقع پرمقامی ہوٹل میں سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اعجاز چودھری، جہانگیر خان، اختر رسول، شوکت جاوید،وینا مسعود،منظورالحسن سینئر، خواجہ جنید،نوید عالم، طارق جاوید، شیخ عثمان، محمد اکرم، کرنل (ر)مدثر اصغر، ایشا خان اور دیگر شخصیات سیمینار میں شریک تھیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہمیں پروفیشنل انداز میں سپورٹس کو اپنانا ہوگا، پنجاب حکومت دن رات سپورٹس کے فروغ کیلئے کام کررہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے سپورٹس کے فروغ کیلئے ایک ارب روپے کا انڈوومنٹ فنڈ مختص کیا ہوا ہے جبکہ اگلے سال اس رقم کو بڑھا کر تین ارب روپے کیا جارہا ہے جس سے سپورٹس کو مزید ترقی اور فروغ ملے گا، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 60،70کی دہائی میں سپورٹس کی دنیا میں پاکستان کا ڈنکا بجتا تھا مگر آج وہ حالات نہیں ہیں،پنجاب حکومت جس انداز میں سپورٹس پر توجہ دے رہی ہے، ہمیں امید ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ایک بار پھر سپورٹس کے میدان میں نمبر ون بنا دیں گے، انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی چیز ناممکن نہیں، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک نے سپورٹس ریفارمز کرکے اپنے آپ کو دنیا میں منوایا ہے، ہم بھی ریفارمز کرکے سپورٹس میں ایک بار پھر دنیا پر راج کرسکتے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ پاکستان میں جہانگیر خان اور اختر رسول جیسے عظیم کھلاڑی دوبارہ پیدا ہوں گے، ہمارا ٹارگٹ ہے کہ پاکستان اولمپک گیمز منعقد کرائے۔

(جاری ہے)

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور ، سکواش کے سابق عالمی چیمپیئن جہانگیر خان، سابق ہاکی اولمپیئن اختر رسول،شوکت جاوید،منظورالحسن سینئر، خواجہ جنید، نوید عالم، کرنل (ر)مدثر اصغر، طارق جاوید، شیخ عثمان، محمد اکرم، وینا مسعود ، ایشا خان اور دیگر شخصیات کو وفاقی سیکرٹری اعجاز چودھری نے شیلڈز دیں۔

متعلقہ عنوان :