ٹیوٹا ،ویٹرنری یونیورسٹی اور پولٹری ایسو سی ایشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

یونیورسٹی آف انیمل سائنسز کے راوی کیمپس جی ٹی روڈپتوکی میں ٹیوٹا ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر قائم کیا جائے گا

منگل 7 اپریل 2015 20:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء)ٹیوٹا ، یونیورسٹی آف ویٹرنری ایند انیمل سائنسز اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن (نارتھ زون) کے مابین پولٹری صنعت سے متعلقہ شارٹ کورسز متعارف کروانے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ یونیورسٹی آف ویٹرنری ایند انیمل سائنسز کے راوی کیمپس جی ٹی روڈپتوکی میں ٹیوٹا کی جانب سے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر (جی ٹی ٹی سی)قائم کیا جائے گا۔

مفاہمتی یادداشت پر جنرل منیجر ٹیوٹا حامد غنی انجم، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری ایند انیمل سائنسزڈاکٹر طلعت پاشا اورچیئرمین پی پی اے (نارتھ زون) ڈاکٹر مصطفی کمال نے دستخط کئے۔اس موقع پر چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ،چیف ایگزیکٹیو بگ برڈ گروپ عبدالباسط، چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، جنرل منیجرز ٹیوٹا عبد القیوم،اظہر اقبال شاد، ڈائریکٹر آر اینڈ ڈی ڈاکٹر افتخار حسین شاہ، سلمان باسط، ڈاکٹر عبد الکریم اور ٹیوٹا کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاہدے کی تفصیلات کے مطابق پولٹر ی صنعت سے متعلقہ شارٹ کورسز ہینڈی مین( ملٹی سکلز)، الیکٹریشن، پلمبنگ اینڈ سینیٹری انسٹالر، ریفرریجریشن اینڈ ائر کنڈیشنگ ٹیکنیشن اور جنریٹر مکینک متعارف کروائیں جائے گے۔ ان کورسز میں عام پبلک بشمول یونیورسٹی آف انیمل سائنسز کے طلباء اور پی پی اے کے نامزد داخلہ کیلئے اہل ہونگے۔ہینڈی مین( ملٹی سکلز)کورس میں یونیورسٹی آف انیمل سائنسز کے متعارف کردہ 2 سالہ ڈپلومہ پولٹری اسسٹنٹ کے ٹرینیز پہلا سال مکمل ہونے پر تین ماہ (ستمبر تا نومبر) کے دوران ٹریننگ حاصل کرینگے اور اسکے بعد وہ دوسرے سال میں اپنے متعلقہ کورس میں داخلہ لے سکیں گے۔

اس موقع پر چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا، یونیورسٹی آف انیمل سائنسز اورپی پی اے کے مشترکہ منصوبے سے ملٹی سکلز میں صلاحیت کے فارغ التحصیل نوجوانوں کیلئے پولٹری کی صنعت میں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے وسیع مواقع میسر ہونگے اور ماہر افرادی قوت پولٹری فارم مالکان کیلئے مفید ثابت ہوگی۔

یونیورسٹی آف انیمل سائنسز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کیلئے جگہ جبکہ ٹیوٹا شارٹ کورسز کیلئے نصاب، ٹریننگ کیلئے مشینر ی و آلات، فیکلٹی اور امتحان کا انعقاد کرے گی۔ فارغ التحصیل طلباء کو سرٹیفکیٹ ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ/فنی تعلیمی بورڈ فراہم کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف انیمل سائنسز ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کہا کہ چکن فوڈ کی روز مرہ بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث پولٹر ی کی صنعت کو ماہر افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے۔

پولٹری مالکان ہنر مندافرادی قوت کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔چیف ایگزیکٹیو بگ برڈ گروپ عبدالباسط اور چیئرمین پی پی اے نارتھ زون ڈاکٹر مصطفی کمال نے کہا کہ یونیورسٹی آف انیمل سائنسز کا دو سالہ ڈپلومہ پولٹری اسسٹنٹ کچھ حد تک انکی ضروریات پوری کر رہا ہے مگر الیکٹریکل مرمت، پلمنگ، ویلڈنگ ورکس اور کارپینٹری وغیرہ میں ہنر مندوں کی کمی ہے۔ ٹیوٹا کے تعاون سے شارٹ کورسز کے آغاز سے نہ صرف بیروزگار افراد کو روزگار بلکہ پولٹری مالکان کو ان شعبہ جات میں افرادی قوت کی دستیابی انکے کاروبار میں مزید ترقی کا باعث بنے گی۔