مشرف نے مجھے امریکہ کے حوالے کرنے کافیصلہ کیا،جمالی نے عہدے کی قربانی دے کر امریکہ سے بچایا‘ پاکستان کی تحر یک وخوشحالی کیلئے کر پشن کا خاتمہ اور ایماندار قیادت کا ہو نا بہت ضروری ہے ‘اگر حکمران سنجیدہ ہوں تو ملک کو بجلی کی لوڈشیڈ نگ سے ہمیشہ کیلئے نجات دلائی جاسکتی ہے

پاکستان کے ایٹمی سائنسدان کالاہور میں ایک تقر یب سے خطاب

بدھ 8 اپریل 2015 12:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) پاکستان کے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے انکشاف کیاہے کہ انہیں پرویز مشرف نے امریکہ کے حوالے کرنے کافیصلہ کیاتاہم اس وقت کے وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی نے اپنے عہدے کی قربانی دے کر مجھے امریکہ سے بچایا‘پاکستان کی تحر یک وخوشخالی کیلئے کر پشن کا خاتمہ اور ایماندار قیادت کا ہو نا بہت ضروری ہے ‘اگر حکمران سنجیدہ ہوں تو ملک کو بجلی کی لوڈشیڈ نگ سے ہمیشہ کیلئے نجات دلائی جاسکتی ہے ۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرعبدالقدیر نے بتایاکہ پرویز مشرف نے طیارہ تیار کروالیا تھا اورکابینہ کی منظوری کے لیے وزیراعظم کو احکامات بھی جاری کردیئے گئے تاہم وزیراعظم نے جرات کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے بھی ان کی پرویزمشرف سے ملاقات ہوچکی تھی ‘ میزائل ٹیکنالوجی سے متعلق بحیثیت کورکمانڈر منگلا وہ پرویز مشرف سے مل چکے تھے لیکن اس وقت کے آرمی چیف جنرل جہانگیر کرامت کی اجازت سے ان کے پاس پہنچے تو منہ سے شراب کی بو آرہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان میں جو بھی اقتدار میں آتا ہے اسکی توجہ ملکی مسائل کا حل صرف کر پشن اور لوٹ مار کر مر کوز ہو تی ہے جسکی وجہ سے پاکستان بجلی کی لوڈشیڈ نگ اور کر پشن سمیت دیگر مسائل کا شکار ہو چکاہے اور غر یب آدمی کی مشکلات میں کمی کی بجائے مسلسل اضا فہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پر ویز مشرف نے اس ملک کے ساتھ بہت ظلم کیا اور ملک پرو یز مشرف کی غلط پا لیسوں کی وجہ سے ہی آج دہشت گردی کا شکار ہے اور مجھے بھی پرویز مشرف نے امریکہ کے حوالے کرنے کافیصلہ کرلیاتاہم اس وقت کے وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی نے اپنے عہدے کی قربانی دے کر مجھے امریکہ سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کا تحفظ کیا ہے اور آج بھی اگر ملک وقوم کی خدمت کی بات ہو تو میں ہر قر بانی دینے کو تیار ہوں اور میں چاہتاہوں پاکستان تر قی یافتہ اور خوشخال ہو ۔