جناح گورنمنٹ کالج نے مسلسل10ویں مرتبہ انٹرکالجیٹ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا

بدھ 8 اپریل 2015 16:51

جناح گورنمنٹ کالج نے مسلسل10ویں مرتبہ انٹرکالجیٹ ہاکی ٹورنامنٹ جیت ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) جناح گورنمنٹ کالج نے مسلسل10ویں مرتبہ انٹرکالجیٹ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا ہے، فائنل میں ڈی اے ڈگری کالج ڈیفنس فیزایٹ کو باآسانی 3-0 سے شکست دیکرٹائٹل کا حصول ممکن بنایا۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے سابق ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن ابراراحمد اور قومی ہاکی ٹیم کے چیف سلیکٹر اولمپئن اصلاح الدین صدیقی نے بحیثیت مہمان خصوصی انعامات تقسیم کئے۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام اولمپئن اصلاح الدین اکیڈمی کی نیلی آسٹروٹرف پر منعقد ہونیوالے انٹرکالجیٹ ہاکی ٹورنامنٹ میں کراچی کے سات کالجز کی ٹیموں نے حصہ لیا، فائنل میں دفاعی چیمپئن جناح کالج اور ڈی اے ڈگری کالج ڈیفنس نے رسائی حاصل کی جہاں دفاعی چیمپئن جناح کالج کی ٹیم نے اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا، انکی جانب سے سینٹرفارورڈ احتشام الدین نے 13ویں اور17ویں منٹ میں دو گول اسکورکئے جبکہ ٹیم کے کپتان عبداللہ سینئر نے میچ کے40 ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھاکر ٹیم کی جانب سے تیسرا اور فیصلہ کن گول اسکورکیا۔

(جاری ہے)

شکست خوردہ ٹیم نے گول کرنے کے مواقعوں سے فائدہ نہ اٹھایا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے انعامات تقسیم کئے، ابراراحمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں بھی ہاکی کے ایونٹ منعقد کرنا قابل ستائش ہے، انہوں نے اولمپئن اصلاح الدین کی خدمات کو بھی سراہا دوسری جانب اصلاح الدین صدیقی نے بھی مستقبل میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا انہوں نے کہا کہ انکی اکیڈمی تعلیمی اداروں ہر وقت حاضر ہے وہ جب چاہیں یہاں آکر ہاکی ٹورنامنٹ کھیل سکتے ہیں جبکہ طلبہ کو مفت ہاکی کوچنگ کی پیش کش بھی کی۔

اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ طارق ابرار، جناح کالج کے ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن وسیم ماجد، ہاکی کوچ سید صغیر حسین، خالد منیر، عبدالباسط، پروفیسر سعود احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :