چین کے تعاون سے2017ء کے اختتام تک توانائی کے متعدد منصوبے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے‘ شہبازشریف

بدھ 8 اپریل 2015 17:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چین کے سفیر سن ویڈانگ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے چین کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد اور مخلص دوست ہے۔

چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ پاک چین دوستی ہر کسوٹی پر پورا اتری ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پاک چین دوستی کے نئے دریچے کھل رہے ہیں اور چین کی قیادت نے پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی کے دیرینہ رشتوں کو مستحکم کرنے کیلئے اقتصادی و معاشی خوشحالی کے نئے دروازے کھول دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی تعمیر و ترقی کے سفر میں چین کی حکومت اور قیادت کا بھرپور ساتھ پاک چین دوستی کے لازوال رشتوں کا عکاس ہے اور چین ترقی و خوشحالی کے سفر میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی مثالی ہے اوردونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کا دل سے احترام کرتے ہیں۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں چین کا تعاون ہمارے لئے قابل فخر ہے۔

چین کے تعاون سے توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے اور 2017ء کے اختتام تک پاکستان میں چین کے تعاون سے توانائی کے متعدد منصوبے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے۔ پاکستان کی تاریخ میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے چین کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے جتنی کوشش کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔انہو ں نے کہا کہ چین نے پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں بھرپور تعاون فراہم کر کے دوستی کا حق ادا کیا ہے۔

چنیوٹ رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کی تلاش کے کام میں چین کا تعاون اورکردارکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعظم محمدنوازشریف کے دورمیں پاکستان اورچین کے مابین دوستی کے رشتے سود مند معاشی تعلقات میں ڈھل رہے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ شاہراہ معیشت نے پاک چین تعلقات کو نئی جہت عطا کی ہے۔پاک چائنہ اکنامک کوریڈور سے معاشی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

پاک چائنہ اکنامک کوریڈورخطے میں مثبت تبدیلیوں کا پیامبر ثابت ہوگا۔اکنامک کوریڈ ور کا اجراء چین کی لیڈر شپ کا پاکستان کی موجودہ قیادت پر بھر پور اعتماد کااظہار ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے صدر کے دورے کیلئے چشم براہ ہیں۔ چین کے سفیر سن ویڈانگ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ہے۔ شہباز شریف کی محنت اور عزم سے چینی قیادت بہت متاثر ہے۔انہو ں نے کہا کہ چین پاکستان کی مشکلات کو اپنی مشکلات سمجھتا ہے اور پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :