ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کو ٹیکس نیٹ میں لاکر انتہائی اہم اقدام کیا ہے‘ارجمندمقصود

آئی ایم ایف کی جانب سے ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ ملکی اقتصادی صورتحال کیلئے خوش آئند قرار دینا بہترین حکومتی کارکردگی کا ثبوت ہے

بدھ 8 اپریل 2015 17:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) آئی ایم ایف کی جانب سے رواں سال ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ ملک کی معاشی واقتصادی صورت حال کے لئے خوش آئند قرار دینا موجودہ حکومت کی بہترین کارکردگی کا ثبوت ہے جبکہ ٹیکسوں میں چھوٹ کے لئے مرحلہ وار ایس آر او کے خاتمے سے بھی ریونیو کے ہدف کے حصول میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) تاجر ونگ لاہور کے سینئر نائب صدر ارجمندمقصودنے آئی ایم ایف کیجانب سے جاری کردہ بیان پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکسوں میں چھوٹ کے لئے باقی ماندہ ایس آر اوز بھی موجودہ حکومت نے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے،انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس چوروں کی ایک بڑی تعداد کو ٹیکس نیٹ میں لاکر انتہائی اہم اقدام کیا ہے ، انہوں نے تاجروں اور صنعت کاروں سے اپیل کی کہ ملک میں صحت، تعلیم اور دیگر عوامی مسائل کے حل کے لئے ایمانداری کے ساتھ اپنے حصے کا ٹیکس اداکریں ، تاکہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے حکومت کے پاس ضرورت کے مطابق مالی وسائل موجودہو ں۔

(جاری ہے)

ارجمندمقصود نے کہا کہ اگرملک میں ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ ہو جائے گا تو پاکستان کو کسی بھی ملک سے یا آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی جسکے لئے تمام پاکستانی ملک کو فنانشنل طور پر مضبوط کرنے کے لئے قومی ذمہ داری سجھ کر ٹیکس اداکریں ، انہوں نے کہا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر جو چندسال قبل انتہائی کم سطح پر پہنچ گئے تھے لیکن موجودہ حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بحالی اور سمندر پارپاکستانیوں کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر17ارب ڈالر کی بلندسطح پر پہنچ گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :