سعودی عرب کی سالمیت کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کیا جائے: چودھری شجاعت حسین

سنجیدہ مسئلہ کو پارلیمنٹ میں پیش کر کے مذاق بنا دیا گیا، سعودی عرب کو پاکستان کی ضرورت پڑی ہے تو تمام ممکن وسائل استعمال کرے

بدھ 8 اپریل 2015 17:35

اسلام آباد‘لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یمن کے مسئلہ پر پاکستان کو سعودی عرب کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

آج ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سنجیدہ مسئلہ کو پارلیمنٹ میں پیش کر کے مذاق بنا دیا گیا ہے اور پارلیمنٹ میں اس اصل مسئلہ پر کم بحث ہوئی ہے، اسلام آباد میں تحریک انصاف کے ارکان کی ایوان میں آنے کی مخالفت کی گئی جبکہ پنجاب میں تحریک انصاف کے ارکان کو خوش آمدید کہا گیا۔

چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور حمایت اور امداد کی ہے اب اگر سعودی عرب کو ہماری ضرورت پڑی ہے تو ہمارا فرض بنتا ہے کہ اس کی غیر مشروط مدد اور حمایت کا اعلان کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ سعودی عرب کی سالمیت کی حفاظت کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔