یمن سے انخلاء کے بعد پاکستان لائے گئے 11 بھارتی شہری خصوصی طیارے کے ذریعے نئی دہلی پہنچ گئے

بدھ 8 اپریل 2015 21:51

یمن سے انخلاء کے بعد پاکستان لائے گئے 11 بھارتی شہری خصوصی طیارے کے ذریعے ..

نئی دہلی، (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) یمن سے انخلاء کے بعد پاکستان لائے گئے 11 بھارتی شہری خصوصی طیارے کے ذریعے نئی دہلی پہنچ گئے ۔ بدھ کو پاکستان کا ایک خصوصی طیارہ 11 بھارتی شہریوں کو لے کر نئی دہلی پہنچا۔ یہ بھارتی شہری پاکستان نیوی کے بحری جہاز کے ذریعے یمن سے لائے گئے 182 مسافروں میں شامل تھے ۔ پاکستان نے انسانی بنیادوں پر 136 پاکستانی شہریوں کے علاوہ 36 غیر ملکیوں کو یمن سے نکالنے میں مدد دی ۔

گزشتہ روز انہیں کراچی پہنچایا گیا تھا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے 11 بھارتی شہریوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے پیشکش کی تھی جسے بھارت نے قبول کیا تھا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف کا انسانی بنیادوں پر بھارتی شہریوں کو یمن سے نکالنے اور انہیں خصوصی طیارے سے بھارت بھجوانے پر شکریہ ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بھارتی وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے اس سلسلہ میں پڑوسی ممالک کی مدد کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ۔

بھارت نے پڑوسی ممالک بنگلہ دیش، مالدیپ ، میانمر ، نیپال ، پاکستان اور سری لنکاکی مدد کی اور ہمیں اس پر خوشی ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق 11 بھارتی شہریوں کو لے کر خصوصی طیارہ بدھ کی سہ پہر 4 بجے کراچی سے روانہ ہوا تھا۔ نئی دہلی ایئر پورٹ پر بھارتی حکام کے علاوہ پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط نے بھی 11 بھارتی شہریوں کا استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :