کراچی میں صرف جماعت اسلامی ہی ایم کیوایم کامقابلہ کر سکتی ہے‘لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمن کا لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 8 اپریل 2015 22:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستا ن لیاقت بلوچ نے کراچی میں 12 اپریل کو عائشہ منزل پر تاریخی جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسے سے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے ، جماعت اسلامی 1970 ء سے این اے 246 سے الیکشن لڑ رہی ہے ، امید ہے کہ تحریک انصاف اپنے امیدوارکو جماعت اسلامی کے حق میں دستبردار کروائے گی ، کراچی میں صرف جماعت اسلامی ہی ایم کیوایم کامقابلہ کر سکتی ہے ، حکومت ،الیکشن کمیشن آف پاکستان ، سیکورٹی اداروں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ این اے 246 کے ضمنی انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کی کوشش کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے دفتر میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ایک وفد شاہ محمود قریشی کی قیادت میں سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی ۔

وفد میں ڈاکٹر عارف علوی ، اسد عمر اور شیری مزاری شامل تھے ۔ ملاقات میں دونوں پارٹیوں نے آئندہ ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت میڈیا پر اس طرح کا ماحول بنایا جارہاہے کہ جیسے کراچی کے ضمنی انتخابات میں صرف ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی حصہ لے رہے ہیں حالانکہ جماعت اسلامی نے حلقے میں درجنوں انتخابی دفاتر کھولے ہیں اور کارکنان ڈور ٹو ڈور اپنے امیدوار راشد نسیم کی انتخابی مہم چلارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کراچی کے عوام کو ظلم و جبر سے نجات دلانے کے لیے قربانیاں لازوال ہیں ۔ 2004 ء کے ضمنی انتخابات میں اسی حلقہ میں ہمارے 12 کارکنان کو شہید کر دیا گیاتھا اور سابق ٹاؤن ناظم ڈاکٹر زاہد پرویز کو بھی گولیوں کا نشانہ بنادیا گیاتھا۔انہوں نے کہاکہ ہم پی ٹی آئی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ایم کیو ایم کوناکام بنانے کے لیے جماعت اسلامی سے تعاون کرے اور اپنے امیدوار کو راشد نسیم کے حق میں دستبردار کروائے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ صولت مرزا کے بیان اور نائن زیر پر رینجرز کے آپریشن کے دوران وہاں سے نیٹو کا اسلحہ برآمد ہوا اور درجنوں مطلوب ٹارگٹ کلرز گرفتار ہوئے ۔ ایم کیو ایم دعوے کرتی تھی کہ کراچی میں طالبان اور طالبانائزیشن پھیل رہی ہے لیکن نائن زیر سے غیر ملکی اسلحہ کی برآمدگی سے یہ حقیقت واضح ہو گئی ہے کہ کراچی میں دہشتگردی ، لوگوں کو زندہ جلانا ، بوری بند لاشوں اور ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی سیاست کون کررہاتھا ۔

لیاقت بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ضمنی انتخاب کو بااعتماد بنانے کے لیے یہاں بائیو میٹرک سسٹم کے تحت پولنگ کروائی جائے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ 2008 ء اور 2013 ء میں ایم کیو ایم کا مینڈیٹ جعلی اور ٹھپہ مینڈیٹ تھا اور اس وقت بھی این اے 246 میں 20 تا25 ہزار جعلی ووٹ ہیں ۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد بھی بوگس ووٹ کاٹے نہیں گئے ۔

الیکشن کمیشن یرغمال ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ ووٹر لسٹیں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو میں بیٹھ کر تیار کی گئیں۔ ہم گزشتہ30 سال سے دہشتگردی کاشکار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 2002 ء کے انتخابات میں راشد نسیم نے اس حلقہ سے 35 ہزار ووٹ لیے تھے ۔ اس سیٹ پر جماعت اسلامی کا حق فائق ہے ۔ ہمارے یو سی ناظم بھی اسی حلقے میں رہائش پذیر ہیں ۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ تحریک انصاف تمام حقائق کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے امیدوار کو جماعت اسلامی کے امید وار کے حق میں دستبردار کروالے گی ۔