پنجاب کے تمام ڈی سی اوز کے آفس میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت کے حل کے لئے گریڈ 17 کے آفیسر تعینات

بدھ 8 اپریل 2015 22:45

پنجاب کے تمام ڈی سی اوز کے آفس میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت کے حل ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) پنجاب کے تمام ڈی سی اوز کے آفس میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت کے حل کے لئے گریڈ 17 کے آفیسر تعینات کر دیئے گئے ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے حل کے لئے صوبے کی تمام ضلعی اوورسیز کمیٹیو ں کے اجلاس مہینے میں دو مرتبہ جبکہ ضلعی انتظامی کا اجلاس ہر ہفتے ہو گا۔یہ بات کمشنر اوورسیزکمیشن پنجاب افضال بھٹی نے راولپنڈی ڈویژن کی انتظامیہ اور ضلعی اوورسیز کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر مائینزشیر علی خان، چیئرپرسن برائے ضلعی اوورسیز کمیٹی جہلم چوہدری لال حسین ، برائے ضلعی اوورسیز کمیٹی چکوال ذوالفقار علی خان، کمشنر راولپنڈی ڈویژن ِ، آرپی او راولپنڈی ڈویژن، ڈی جی اوورسیز کمیشن پنجاب خواجہ داؤد، ڈائریکٹر پولیس اوورسیز ِکمیشن پنجاب کیپٹن (ر) سید مبین ، راولپنڈی ڈویژ ن کے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران کمشنر اوورسیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مختلف محکموں سے متعلق مسائل اور شکایات کو حل کرنے کے لئے پنجاب کے تمام اضلاع میں ضلعی سطح پر نیٹ ورک فعال ہو چکا ہے اس کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو انٹر نیٹ سسٹم کے ذریعے فوری حل کیا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر ز کے دفاتر میں گریڈ 17 کے آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں جو شکایات کو حل کرنے کے لئے فرائض سرانجام دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کے مسائل کو حکومت پنجاب کی جانب سے دیئے گئے ٹائم فریم میں حل کرنے کے لئے تمام اضلاع کی ضلعی اوورسیز کمیٹیاں ہفتے میں دو مرتبہ میٹنگ کریں گی جبکہ ضلعی انتظامیہ کی میٹنگ ہفتہ وار ہو گی۔ اجلاس کے دوران افضال بھٹی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات اور ان کے حل کے لئے کئے گئے ایکشن کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہے اور اس موقع پر ضلعی اوورسیز کمیٹیوں کو ویب پورٹل پر لاگ ان ہونے کے طریقہ کار پر بھی بریفنگ دی گئی۔

افضال بھٹی نے تمام ضلعی اوورسیز کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات پر بلاتاخیر فوری ایکشن لیں تا کہ انہیں فوری ریلیف فراہم ہو سکے ۔اس موقع پر ڈی سی او جہلم ذوالفقار گھمن نے ضلع جہلم میں قائم پنجاب کے سب سے پہلے ضلعی اوورسیز نیٹ ورک پر بریفنگ دی جسے اجلاس کے شرکاء نے سراہا اور دیگر اضلاع کے ڈی سی اوز کو ہدایات دی گئی کہ وہ ڈی سی او جہلم کے ضلعی اوورسیز کمیٹی کے رول ماڈل کو اپنے اپنے ضلع میں نافذ کریں ۔

متعلقہ عنوان :