پارلیمنٹ میں سعودی عرب کے استحکام، حرمین شریفین کے دفاع و سلامتی کیلئے متفقہ قرارداد منظور کریں، قیام پاکستان سے اب تک سعودی عرب نے پاکستان کو کسی بھی مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا

پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی وفود سے گفتگو

جمعرات 9 اپریل 2015 14:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی مذہبی جماعتوں سے سعودی عرب کے استحکام، حرمین شریفین کے دفاع و سلامتی کیلئے متفقہ قرارداد منظور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے اب تک سعودی عرب نے پاکستان کو کسی بھی مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا۔

(جاری ہے)

کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کو عوام کے جذبات کے مطابق سعودی عرب اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون کرنا چاہیے‘سعودی عرب اور یمن کی صورتحال پر پاکستان کا موقف قوم کی ترجمانی ہے اور حکومت کو دنیا پر واضح کردینا چاہئے کہ سعودی عرب پر کسی قسم کی جارحیت قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جغرافیائی سرحدوں کو خطرہ ہونے کی صورت میں افواج پاکستان کو بھیجا جانا چاہئے‘ بعض بیرونی قوتیں مسلم ممالک میں دخل اندازی کے زریعے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں جس کی واضح مثال یمن میں باغیوں کی مدد ہے۔