ڈرنیج اسکیموں میں غلط منصوبہ بندی کرنے والے افسران کیخلاف سخت کاروائی کرینگے، عباس بلوچ

نامکمل اسکیموں میں سو فیصد ادائیگی کرنے والے افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی،جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 9 اپریل 2015 20:43

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء)کمشنر سکھرڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہاہے کہ ڈرنیج اسکیموں میں غلط منصوبہ بندی کرنے والے افسران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور نامکمل اسکیموں میں سو فیصد ادائیگی کرنے والے افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے امکانی برساتوں کے سلسلے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سکھر، اسسٹنٹ کمشنر اور نساسک کے افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ ضلع کے تمام نالوں کی صفائی اور پمپنگ اسٹیشنوں کو ہر حالت میں فعال رکھا جائے اور موسم گرما سے قبل پانی کی فراہمی کو یقینی بنائی اس سلسلے میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی ستھرائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے کمشنر سکھر نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا افسران کی اولین ذمہ داری ہے ہم عوام کے خادم ہیں اس لیے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی اسکیموں کو چیک کریں اور تین دن کے اندر رپورٹ فراہم کریں ۔

(جاری ہے)

محمد عباس بلوچ نے بتایا کہ چیف سیکریٹری سندھ تما م اضلاع کی ترقیاتی اسکیموں کے سلسلے میں ہر ضلع کا دورہ کریں گے اور ہر اسکیم کے بارے میں بریفنگ لیں گے ،انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ز کی نگرانی میں مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ڈائریکٹر آپریشن ،منیجرنساسک اور اسسٹنٹ کمشنر ممبر ہونگے جونکاسی آب اور فراہمی آب کی اسکیموں اور کاموں کی سختی کے ساتھ نگرانی کریں گے اور ان تمام کاموں و نگرانی کی ذمہ داری ڈپٹی کمشنر پرعائد ہوگی