جہاز کے پہیوں میں لٹک کر شہری کا ایک شہر سے دوسرے شہر تک کا سفر

جمعہ 10 اپریل 2015 12:55

جہاز کے پہیوں میں لٹک کر شہری کا ایک شہر سے دوسرے شہر تک کا سفر

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) انڈونیشیا میں ایک نوجوان نے جہاز کے پہیوں کے ساتھ لٹک کر طویل فضائی سفر کیا اور اس خوفناک حرکت کے باوجود زندہ بچ گیا۔ انڈونیشیا وزارت ایئر ٹرانسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل سپرا سیتیو کا کہنا ہے کہ 21 سالہ ماریو سٹیون سماٹرا کے ایک ایئرپورٹ کے رن وے پر چھپا ہوا تھا۔ جب بوئنگ جہاز روانگی کے لئے تیار ہورہا تھا تو یہ اس کے پہیوں کے ساتھ لٹک گیا اور دارالحکومت جکارتہ میں جہازکے لینڈ کرنے تک پہیوں والی جگہ میں ہی چھپا رہا۔

ایک گھنٹے کی پرواز کے دوران جہاز 34 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑتا رہا اور اس دوران پہیوں میں چھپے ہوئے شخص کو نقطہ انجماد سے کم درجہ حرارت اور آکسیجن کی شدید کمی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ جب جہاز لینڈ کیا تو یہ شخص اس کے پہیوں میں سے برآمد ہوا اور حیرت انگیز طور پر لڑکھڑاتے ہوئے چل پڑا۔

(جاری ہے)

اسے چلنے میں لڑکھڑاہٹ اور ایک کان سے خون نکلنے کے علاوہ کوئی مسئلہ پیش نہ آیا . مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ شخص جکارتہ میں اپنے آبائی علاقے کو دیکھنے کے لئے بے تاب تھا جبکہ اس کا اپنا موقف ہے کہ یہ مہم جوئی کی خواہش رکھتا تھا اور ایک سال سے اس خطرناک سفر کی تیاری کررہا تھا۔

جنونی نوجوان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے اور جرم ثابت ہونے پر اسے ایک سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔