میٹرو بس منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنے اور ناقص کارکردگی پر چیئرمین سی ڈی اے کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

جمعہ 10 اپریل 2015 13:15

میٹرو بس منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنے اور ناقص کارکردگی پر چیئرمین سی ڈی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کو ناقص کارکردگی اور اسلام آباد میٹرو بس منصوبے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے باعث عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ میٹرو بس منصوبے کے چیئرمین حنیف عباسی اور ایم این اے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں معروف افضل کے خلا ف شکایات کے انبار لگادیئے ۔

وزیراعظم ہاؤس اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے باخبر ذرائع نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء کو بتایا ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کو عہدے سے ہٹانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق معروف افضل کی بطور چیئرمین سی ڈی اے کارکردگی انتہائی ناقص رہی ہے جبکہ میٹرو بس منصوبے کے چیئرمین حنیف عباسی نے بھی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران معروف افضل کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بطور چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل میٹرو بس منصوبے کے اسلام آباد فیز میں تعاون نہیں کررہے ہیں اور اس کے باعث اسلام آ باد فیز کا کام مسلسل تاخیر کا شکار ہے جبکہ دوسری جانب میٹرو بس کی سبسڈی کے معاملے میں بھی معروف افضل رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران وزیراعظم سے معروف افضل کی شکایت کرتے ہوئے کہاہے کہ چیئرمین سی ڈی اے متاثرین اسلام آباد کے مسائل حل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں جس کے باعث اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک متاثر ہورہا ہے اور وفاقی دارالحکومت میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں معروف افضل کے باعث پارٹی کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو نئے موزوں چیئرمین سی ڈی اے کیلئے تین نام بھجوائے جائیں تاکہ وزیراعظم آئندہ چند روز میں نئے چیئرمین سی ڈی اے کا فیصلہ کرسکیں ۔

متعلقہ عنوان :