مہدی حسن کی یادگار شیلڈز اوراعزازات اونے پونے داموں فروخت

جمعہ 10 اپریل 2015 16:19

مہدی حسن کی یادگار شیلڈز اوراعزازات اونے پونے داموں فروخت

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اپریل2015ء)شہنشاہ غزل مہدی حسن کی یادگار شیلڈز،اعزازات اور دنیا بھر کے صدور کے قیمتی تحائف کو اونے پونے داموں فروخت کردیا گیا، مہدی حسن کی بہو لاہورہائیکورٹ میں سراپا احتجاج بن گئیں ۔ شہنشاہ غزل، گائیکی کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے مہدی حسن جنہیں دنیا بھر سے قیمتی اعزازات ملے، انھیں اونے پونے داموں فروخت کردیا گیا، مہدی حسن کی بہو عمائمہ عارف کا کہنا تھا کہ وہ کراچی سے لاہور کرائے کے گھر میں شفٹ ہوئیں، کچھ عرصہ کراچی میں رہنے کے بعد واپس لاہور آئیں تو مہدی حسن کا زندگی بھر کا سرمایہ لٹ چکا تھا۔

انھوں نے کہا کہ شام نگر میں بااثر مالک مکان نے کسی اجازت کے بغیر ہی تمام چیزیں بیچ ڈالیں۔ مہدی حسن کی بہو عمائمہ نے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے، شہنشاہ غزل مہدی حسن کی بہو عمائمہ عارف کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انہوں نے کراچی سے لاہور منتقل ہونے کیلئے یہاں گروی پر گھر حاصل کیا اور سامان بھی بھجوا دیا لیکن جب وہ یہاں پہنچیں تو مکان کے مالکان عاصم کمبوہ، کاشف اور عاطف مہدی حسن کو ملنے والے ایوارڈز، شیلڈز اور میڈلز سمیت دیگر سامان چرا کر فروخت کر چکے تھے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ ملزمان نے تھانے میں جرم کا اعتراف بھی کر لیا، مگر ایک ماہ گزرنے کے باوجود پولیس میڈلز اور سامان برآمد نہیں کروا رہی۔ عدالت پولیس کو حکم دے کہ مہدی حسن کو ملنے والے میڈلز اور دیگر سامان برآمد کر کے ان کے حوالے کرے۔ عمائمہ عارف کا کہنا تھا کہ مہدی حسن کو زندگی بھر قوم کی خدمت کا یہ صلا دیا گیا کہ ان کی یادگاریں ہی چرالی گئیں۔ اگر وہ کسی اور ملک میں ہوتے تو ان ایوارڈز کو میوزیم میں سجایا جاتا، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکومت کو اس حوالے سے پیشکش بھی تھی، جس کا اسے جواب تک نہیں دیا گیا۔