آئی پی ایل میں پھر میچ فکسنگ کی گونج

جمعہ 10 اپریل 2015 16:32

آئی پی ایل میں پھر میچ فکسنگ کی گونج

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اپریل2015ء) انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں ایک بار پھر میچ فکسنگ کی گونج سنائی دے رہی ہے اور راجستھان رائلز کے کھلاڑی نے انکشاف کیا ہے کہ بکیز نے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ راجستھان رائلز اور کنگز الیون بنجاب کے درمیان کھیلے جانے والے آئی پی ایل 2015 میں دونوں ٹیموں کے ابتدائی میچ سے قبل راجستان رائلز کے ایک کھلاڑی نے بتایا کہ انہیں ان کی رانجی ٹرافی کی ٹیم کے ایک کھلاڑی نے رقم کے عوض میچ فکس کرنے کی پیشکش کی۔

بورڈ آف کرکٹ کنٹرول انڈیا کے ایک عہدے دار نے غیر ملکی ٹی وی چینل کو تصدیق کی کہ گزشتہ ماہ راجستان رائلز کے تربیتی کیمپ میں شمولیت سے قبل کھلاڑی کو اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی گئی تھی۔ کھلاڑی نے پیشکش قبول کرنے کے بجائے اس معاملے کے حوالے سے اپنی ٹیم کے اہم حکام کو آگاہ کیا جنہوں نے بعد ازاں اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ (اے سی ایس ائی) کو اس خبر سے مطلع کیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ آئی پی ایل 2013 کے دوران راجستان رائلز کے 3 کھلاڑی سری سانتھ، انکیت چاون، اجیت چنڈیلا اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے جس کے جرم میں سری ساتنھ سمیت انکیت شاون پر تاعمر کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ آئی پی ایل 2013 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں راجستان رائلز سمیت چنئی سپر کنگز کے عہدیدار بھی ملوث پائے گئے تھے جن میں بورڈ کے سابق اور آئی سی سی کے صدر سری نواسن کے داماد گروناتھ میاپن بھی شامل تھے۔ یہ مقدمہ سپریم کورٹ میں دائر ہے جس کی تحقیقات سابق چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی میں قائم خصوصی کمیٹی کر رہی ہے۔