باغیوں کے یمن اور عراق کی سرحدیں توڑ کر سعودی عرب داخل ہونے پر مدد کو پہنچنا کوئی عقل مندی نہیں‘ پروفیسر حافظ محمد سعید

جمعہ 10 اپریل 2015 17:26

باغیوں کے یمن اور عراق کی سرحدیں توڑ کر سعودی عرب داخل ہونے پر مدد کو ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ باغیوں کے یمن اور عراق کی سرحدیں توڑ کر سعودی عرب داخل ہونے پر مدد کو پہنچنا کوئی عقل مندی نہیں۔جنگ کو سرزمین حرمین شریفین کے اندر آنے سے روکا جائے۔اسلام دشمن قوتیں یمن کے باغیوں کو اسلحہ و دیگر وسائل فراہم کر رہی ہیں۔ سعودی عرب کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔

وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ہزاروں مردوخواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ اد اکی۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ صلیبیوں و یہودیوں نے ہمیشہ بیت اللہ کے خلاف سازشیں کی ہیں۔ سینکڑوں سال قبل ابرہہ نے خانہ کعبہ پر حملہ کیلئے ہاتھیوں کا لشکر بنایا لیکن اللہ تعالیٰ نے اس کے لشکر کو ابابیلوں کے ذریعے ختم کر وا دیا۔

(جاری ہے)

آج بھی ابرہہ کے ماننے والے اور صلیبیوں کے ایجنٹ بیت اللہ کے خلاف وہی سازشیں کر رہے ہیں جو ان کے بڑوں نے کی تھیں۔ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ حرمین شریفین کے دفاع کا ہے۔ یمن میں بغاوت کی صورتحال کے باعث حرمین کیلئے خطرات کھڑے ہو رہے ہیں۔ اس حقیقت کو سمجھنے سے ہمارے سیاستدان قاصر ہیں اور غلط پروپیگنڈہ وسازشوں کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ خادم الحرمین شریفین نے پاکستان سے مدد مانگی اور حکومت نے سعودی عرب کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا تو بعض سیاستدانوں نے شور شروع کر دیا‘ سعودی عرب مخالف لابنگ کی گئی اور بھانت بھانت کی بولیاں بولی گئیں۔

یہ سب کچھ بیرونی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ دشمنان اسلام نے مسلم ملکوں میں ایسی لابیاں کھڑی کر رکھی ہیں جن کے ہاتھوں مسلم حکومتیں مجبور ہیں۔ ہم مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر پورے ملک میں تحریک جاری رکھیں گے اورقوم کو بتائیں گے کہ اصل سازش کیا ہے اور دشمنان اسلام کے اہداف کیا ہیں؟اس وقت صورتحال یہ ہے کہ مسلمان ملکوں کے امن وامان کو باغیوں کے ذریعے تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب بھی اسی سازش کا شکار ہیں۔ ان حالات میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم مسلم امہ کے سامنے ان سازشوں کو بے نقاب کریں۔ یہ ہمارا امتحان ہے‘ اگر ہم اس میں کامیاب ہو تے ہیں تو آسمانوں سے اللہ کی مدد نازل ہو گی۔ امیر جماعةالدعوة نے کہاکہ بیرونی قوتوں نے پاکستان کو میدان جنگ بنانے کیلئے یہاں دھماکے کروائے اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا۔

افغانستان کو بیس بنا کر پاکستان کو میدان جنگ بنایا گیااسی طرح اب یمن کو بیس بنا کر سعودی عرب کو نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔یمن میں باغیوں نے ایک منتخب حکومت گرائی اور یمن کا صدر سعودی عرب میں پناہ لینے پر مجبور ہے۔سرزمین حرمین شریفین کے خلاف دھمکیاں دینے والے باغیوں کے خلاف کاروائی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہودی اور عیسائی بیت اللہ کے دشمن ہیں۔ ان کے اندر ہر گزرتے دن کے ساتھ حسد پروان چڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو سعودی عرب کی ہر ممکن مددوحمایت کرنی چاہے۔