سعودی فضائی حدود میں پاکستانی طیارے کا داخلہ بند

بوئنگ 767 اردن میں رجسٹرڈ ہے اور اس کو شاہین ائیر نے کرائے پر لے رکھا

جمعہ 10 اپریل 2015 19:18

سعودی فضائی حدود میں پاکستانی طیارے کا داخلہ بند

ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء )سعودی عرب نے پاکستان کی ایک نجی فضائی کمپنی کے طیارے کو مطلوبہ دستاویزات نہ ہونے کی بنا پر اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔سعودی مملکت کی فضائی حدود میں طیارے کو داخل ہونے سے روکنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق شاہین ائیر کی پرواز سعودی حکومت کے مقرر کردہ فضائی تحفظ کے معیارات پر پورا نہیں اترتی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی اس فضائی کمپنی نے مبینہ طور پر ضروری دستاویزات کے حصول کے لیے پیشگی درخواست دی تھی لیکن اس کی درخواست کو مسترد کردیا گیا تھا۔العربیہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جس بوئنگ 767 طیارے کو سعودی فضائی حدود میں داخل ہونے سے روکا گیا ہے،یہ اردن میں رجسٹرڈ ہے اور اس کو شاہین ائیر نے کرائے پر لے رکھا ہے۔اس کی رجسٹریشن کی وجہ سے اس کے یورپ کی فضائی حدود میں بھی داخلے پر پابندی ہے۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سول ایشن کا کہنا ہے کہ سعودی مملکت کی فضائی حدود کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور پروٹوکول یا قواعد وضوابط کی کسی بھی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔