تربت واقعہ ناقص سیکورٹی ہونے کے باعث ہوا ، سیکورٹی حکمت عملی پر نظر ثانی کریں گے ، غریب مزدوروں کا قتل کی اجازت کوئی مذہب ، قوم ، دین اور سیاست نہیں دیتا ، لواحقین کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں

ہفتہ 11 اپریل 2015 19:28

تربت واقعہ ناقص سیکورٹی ہونے کے باعث ہوا ، سیکورٹی حکمت عملی پر نظر ..

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ تربت واقعہ ناقص سیکورٹی ہونے کے باعث رونما ہوا ہے جس کا میں اعتراف کرتا ہوں ، واقعہ کے بعد سیکورٹی حکمت عملی پر نظر ثانی کریں گے ، غریب مزدوروں کا قتل کی اجازت کوئی مذہب ، قوم ، دین اور سیاست نہیں دیتا ، لواحقین کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ تربت میں پیش آنے والا ناخوشگوار واقعہ جس میں 20 مزدور جاں بحق ہوئے ہر لحاظ سے قابل مذمت وقابل نفرت ہے ۔ حکومت اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے میں اعتراف کرتا ہوں کہ تربت واقعہ سیکورٹی کوتاہی کے باعث رونما ہوا ہے کیمپ پر 9 اہلکار تعینات تھے جنہوں نے مزدوروں کو کسی قسم کی تحفظ نہیں دی یہ مکمل سیکورٹی کوتاہی ہے ہم اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کریں گے تربت سمیت صوبے کے تمام علاقوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد اور غم میں برابر کے شریک ہیں اس واقعہ سے ہمیں دلی صدمہ ہوا ہے ۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سوال کیا کہ یہ کونسی انسانیت ، سیاست یا دین ہے جو 6 سو روپے کمانے کی خاطر پنجاب سے آنے والے غریب مزدوروں کو قتل کریں ۔ یہ لوگ انتہائی مجبوری کی عالم میں اپنا گھر بار چھوڑ کر اس علاقے میں آئے ہیں۔ دنیا کا کوئی مذہب ، سیاست اس طرح غریب لوگوں کی قتل عام کی اجازت نہیں دیتا ۔

متعلقہ عنوان :