ثانیہ مرزا ڈبلز رینکنگ میں نمبر 1 پوزیشن حاصل کرنیوالی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئیں

پیر 13 اپریل 2015 11:40

ثانیہ مرزا ڈبلز رینکنگ میں نمبر 1 پوزیشن حاصل کرنیوالی پہلی بھارتی ..

چارلسٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار12اپریل۔2015ء)بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا آئی ٹی ایف کی ڈبلز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ 28سالہ بھارتی ٹینس سٹار نے یہ اعزاز امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کے شہر چارلسٹن میں منعقدہ فیملی سرکل کپ کے فائنل میں فتح کے بعد حاصل کیا ، اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں ثانیہ نے سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس کے ساتھ مل کر کیسی ڈیلاکوا اور داریجا جوارک کی جوڑی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد چھ صفر اور چھ چار کے سکور سے شکست دی۔

(جاری ہے)

یہ ڈبلز مقابلوں میں ثانیہ کے کیریئر کا 26واں ٹائٹل ہے ۔ بھارتی اور سوئس ٹینس سٹار کی جوڑی اب تک تین ٹورنامنٹس میں اکٹھی میدان میں اتری ہے جن میں سے دو میں یہ فاتح رہی ہیں اور چارلسٹن سے قبل یہ فلوریڈا میں ہونے والا میامی اوپن ٹورنامنٹ جیتی تھیں۔ سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی مارٹینا ہنگس ماضی میں یہیں پر 1997ء اور 1999ء میں سنگلز اور 1997ء میں ڈبلز مقابلے بھی جیت چکی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مارٹینا ہنگس نے 1997ء میں فیملی سرکل کپ میں ہی فتح کے بعد پہلی بار خواتین کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔

ثانیہ مرزا ڈبلز رینکنگ میں نمبر 1 پوزیشن حاصل کرنیوالی پہلی بھارتی ..