2 کروڑ 50 لاکھ غیر تصدیق شدہ سمز کوبند کردیا گیا

ٹیلی کام آپریٹرز کی جانب سے تصدیق وغیر تصدیق شدہ سمز کے دعوے کی تصدیق کیلئے آڈٹ کا آغاز کچھ دن میں کیا جائیگا صارفین اپنی بند کی گئی سموں کو اگلے چھ ماہ کے دوران قریبی کسٹمر سروس سینٹرز سے دوبارہ تصدیق کرکے حاصل کر سکتے ہیں ذرائع

منگل 14 اپریل 2015 20:22

2 کروڑ 50 لاکھ غیر تصدیق شدہ سمز کوبند کردیا گیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اپریل۔2015ء)10کروڑ 30 لاکھ موبائل فون سمز کی باؤمیٹرک تصدیق کیلئے صارفین کو دیئے جانے والی 3ماہ کی مدت ختم ہونے کے بعد 2 کروڑ 50 لاکھ غیر تصدیق شدہ سمز کوبند کردیا گیا ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذرائع نے بتایا کہ ٹیلی کام آپریٹرز کی جانب سے تصدیق وغیر تصدیق شدہ سمز کے دعوے کی تصدیق کیلئے آڈٹ کا آغاز کچھ دن میں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ صارفین اپنی بند کی گئی سموں کو اگلے چھ ماہ کے دوران قریبی کسٹمر سروس سینٹرز سے دوبارہ تصدیق کرکے حاصل کر سکتے ہیں۔پی ٹی اے حکام کے مطابق ملک میں زیر استعمال 10 کروڑ 40 لاکھ سمز میں سے 10 فیصد پوسٹ پیڈ سمز تھیں جن کی معلومات پہلے ہی سے موبائل کمپنیوں کے پاس ریکارڈ میں موجود تھی ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پانچ ٹیلی کام آپریٹرز( موبی لنک، یو فون، ٹیلی نور، وارد اور زونگ ) کے 1000 فرنچائزز سمیت 6000 ریٹیل اسٹورز پر نئی سمز جاری کرنے پر عائد کی گئی پابندی کو پیر کے روز اْٹھا لیا گیا ۔

یاد رہے کہ پابندی کے دوران صرف 500 کسٹمر کیئر سینٹرز کو نئی سمیں جاری کرنے کی اجازت حاصل تھی جبکہ تمام فرنچائیزز سمیت ریٹیل سینٹرز پر بایو میٹرک تصدیق کے لئے مشینیں لگائی گئی تھیں۔صارفین نے بتایا کہ فرنچائزز پر ہجوم ہونے کے باعث انہیں سموں کی تصدیق کروانے کا موقع نہیں مل سکا۔