ورلڈ کپ 2018 کوالیفائرز میں مستقبل کا میزبان قطر سخت گروپ میں شامل

بدھ 15 اپریل 2015 12:37

ورلڈ کپ 2018 کوالیفائرز میں مستقبل کا میزبان قطر سخت گروپ میں شامل

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء) مستقبل کے میزبان قطر کو 2018 ورلڈ کپ کوالیفائرز کے سخت گروپ میں جگہ مل گئی،خلیجی ریاست کو چین، ہانگ کانگ، مالدیپ اور بھوٹان سے مقابلہ کرنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ2018 کوالیفائرزکے ڈراز کا اعلان کر دیا گیا، قطرکو رواں برس ایشین کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے چین کے ساتھ اہانگ کانگ اور بھوٹان کا چیلنج بھی درپیش ہے۔

قطر کبھی ورلڈ کپ نہیں کھیل پایا، دفاعی گلف چیمپئنزجنوری میں ایشین کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہے تھے، پلیئرز اب انٹرنیشنل مقابلے میں کارکردگی دکھانے کے منتظر ہیں، چین گروپ سی میں ٹاپ سیڈڈ ہے جبکہ فیفا رینکنگ میں آخری نمبر پر موجود بھوٹان نے دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پہنچنے کیلئے سری لنکا کو ہرا کر شہ سرخیوں میں جگہ بنائی تھی۔

(جاری ہے)

چین کے کوچ ایلن پیرن نے کہاکہ قطر کے ساتھ مقابلہ سخت ہوگا، ہمیں اپنے میچز کیلیے اچھی تیاری کرنا ہوگی۔ایشین کپ فاتح آسٹریلیا کو گروپ بی میں اردن کے چیلنج کا سامنا ہے، جاپان آسان گروپ ای میں شام، افغانستان، سنگاپوراورکمبوڈیا کے ساتھ شامل ہوا۔2010 ورلڈ کپ تک پہنچنے والا شمالی کوریا گروپ ایچ میں حیران کن نتائج پیش کرسکتا ہے جہاں ازبکستان، بحرین اور فلپائن کو رینکنگ میں برتری حاصل ہے، کوالیفائنگ کے اس مرحلے میں 8 گروپس کی ٹاپ ٹیموں کیساتھ4 دوسری بہترین پوزیشن رکھنے والے ممالک پیشقدمی جاری رکھ پائیں گے،یہ تمام 12سائیڈز یواے ای میں2019 میں شیڈول ایشین کپ کیلیے بھی کوالیفائی کرجائیں گی، خطے کے دیگر 28 ممالک ایشین کپ کی دیگر 12 پوزیشنز کیلیے برسرپیکار ہوں گے جسے 2019 میں بڑھاکر 24 ٹیموں کا کردیا جائے گا، حالیہ برس آسٹریلیا میں منعقدہ ایشین کپ میں 16ٹیموں نے شرکت کی تھی۔

گروپ اے میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، فلسطین، ایسٹ تیمور اور ملائیشیا، بی میں آسٹریلیا اردن، تاجکستان، کرغزستان اور بنگلہ دیش، سی میں چین، قطر، مالدیپ، بھوٹان اور ہانگ کانگ، ڈی میں ایران، اومان، بھارت، ترکمانستان اور گوام،ای میں جاپان، شام، افغانستان، سنگاپور اور کمبوڈیا، ایف میں عراق، ویتنام، تھائی لینڈ، انڈونیشیا اور تائیوان، جی میں جنوبی کوریا، کویت، لبنان، میانمار اور لاؤس جبکہ گروپ ایچ میں ازبکستان، بحرین، فلپائن، شمالی کوریا اوریمن شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :