مصر اور سعودی عرب کا مشترکہ جنگی مشقوں کا فیصلہ

جلد ہی سعودی عرب کی سرزمین پر مشقیں شروع کی جائیں گی سعودی عرب میں ہونے والی ان جنگی مشقوں میں دیگر خلیجی ممالک کی مسلح افواج کو بھی شامل کیا جائیگا مصرکی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں  شہزادہ محمد بن سلمان

بدھ 15 اپریل 2015 19:01

مصر اور سعودی عرب کا مشترکہ جنگی مشقوں کا فیصلہ

قاہرہ /ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء) مصر اور سعودی عرب نے بڑے پیمانے پر جنگی مشقوں پرصلاح مشورہ مکمل کرلیا ہے جس کے بعد جلد ہی سعودی عرب کی سرزمین پر مشقیں شروع کی جائیں گی اور ان میں دیگر خلیجی ممالک کی مسلح افواج بھی حصہ لیں گی۔عرب میڈیا کے مطابق جنگی مشقوں کے حوالے سے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے گذشتہ روز قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اپنے مصری ہم منصب جنرل صدقی صبحی سے ملاقات کی دونوں رہ نماؤں سے ملاقات میں سعودی عرب میں بڑے پیمانے پر جنگی مشقیں شروع کرنے کیلئے مشترکہ ملٹری کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا گیا ملاقات میں طے پایا کہ سعودی عرب میں ہونے والی ان جنگی مشقوں میں دیگر خلیجی ممالک کی مسلح افواج کو بھی شامل کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

سعودی وزیر دفاع اور شاہی دیوان کے انچارج شہزادہ محمد بن سلمان اپنے مختصر دورہ مصر کے بعد وطن واپس پہنچے انہیں قاہرہ ہوائی اڈے سے مصری وزیردفاع جنرل صدقی صبحی نے الوداع کیا۔ قاہرہ ہوائی اڈے پر صحافیوں سے مختصر بات کرتے ہوئے شہزادہ محمد کا کہنا تھا کہ وہ مصری کی حکومت اور پوری قوم کے تہہ دل سے شکرگذار ہیں کہ اس نے مشکل کی گھڑی میں ریاض کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصرکی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں۔ خطے میں امن وامان کے قیام میں مصری فوج کا کلیدی کردار ہے۔