دوہری شہریت کے حامل امریکن نژادپاکستانی کو کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ،الیکشن اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار

جمعرات 16 اپریل 2015 20:22

دوہری شہریت کے حامل امریکن نژادپاکستانی کو کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے دوہری شہریت کے حامل امریکن نژادپاکستانی کو کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دیتے ہوئے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے تحریک انصاف کے دوہری شہریت رکھنے والے امیدوارخواجہ محمد نصیر کی درخواست پر کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار نے فاضل عدالت میں موقف اپنایا کہ مسلم لیگ (ن) کے مد مقابل امیدوار زاہد نسیم شمسی نے ریٹرننگ افسر کے روبرو درخواست گزار کے کاغذات دوہری شہریت کی بناء پر چیلنج کئے جبکہ الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے درخواست گزار کو آئین کے آرٹیکل 63کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا ہے جوکہ غیرآئینی اور غیر قانونی اقدام ہے۔

(جاری ہے)

آئین کے آرٹیکل 63سی کے تحت رکن پارلیمنٹ کے لئے دوہری شہریت کی پابندی عائد ہے اس کا اطلاق بلدیاتی امیدواروں پر نہیں کیا جا سکتاجبکہ کنٹونمنٹ بورڈ آرڈیننس کے تحت امیدوار کا صرف پاکستانی ہونا قانونی تقاضہ ہے اس آرڈیننس کے تحت دوہری شہریت رکھنے والے امیدواروں پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈکے بلدیاتی قوانین میں دوہری شہریت کے حامل امیدواروں کے انتخابات لڑنے کی گنجائش موجود ہے۔فاضل عدالت نے درخواست گزار کو سیالکوٹ کینٹ کے وارڈ نمبر ایک سے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دیتے ہوئے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔