سوئی ناردرن گیس کے عملے کی غفلت اورلاپرواہی ،صارفین کو ادا شدہ بلزکی رقم ”بقایاجات “ میں ڈال کر بھجوانا معمول بنا لیا ،بلوں کی درستگی کیلئے عوام خوار ہو نے لگے

جمعرات 16 اپریل 2015 22:13

سوئی ناردرن گیس کے عملے کی غفلت اورلاپرواہی ،صارفین کو ادا شدہ بلزکی ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء) سوئی ناردرن گیس کے عملے کی غفلت اور مسلسل لاپرواہی ،صارفین کو ادا شدہ بلزکی رقم ”بقایاجات “ میں ڈال کر بھجوانا معمول بنا لیا ،بلوں کی درستگی کیلئے عوام خوار ہو نے لگے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سوئی گیس کے بلنگ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے سیٹلائٹ ٹاوٴن ڈی بلاک ، بی بلاک ، اے بلاک و دیگر ملحقہ علاقوں میں گذشتہ دوماہ سے صارفین کی طرف سے بنکوں میں جمع کرائے گئے، سابقہ بلز کی رقم بقایاجات کی مدّمیں ڈال کر بھجوانے کی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو گیا ہے ، اس سلسلے میں مذکورہ بنکوں فیصل بنک ،الائیڈ بنک و دیگر کا موقف ہے کہ ہم بلوں کی وصول کی تفصیلات ہر ماہ باقاعدگی سے محکمہ سوئی گیس کے بلنگ ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا رہے ہیں اس میں بنکوں کا کوئی قصور نہیں ،ادھر سوئی گیس آفس کا عملہ اس بابت کوئی بات بتانے سے گریزاں ہے ۔

(جاری ہے)

نئے بلوں میں ادا شدہ سابقہ بقایاجات کی درستگی کیلئے کوئی بنک ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ادھر سوئی گیس آفس میں تعینات عملہ لوگوں کو رقم کی ادائیگیوں کا ثبوت متعلقہ بنکوں سے لانے کا مطالبہ بھی کرتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو بعض اوقات دوبارہ بنک میں جاکر اپنا وقت ضائع کرنا پڑتا ہے ۔ اس صورتحال نے اُن معمربیوہ خواتین کو سب سے زیادہ پریشان کر رکھا ہے کہ جن کے گھر میں کوئی مرد نہیں ہے جو بلوں کو درست کروا سکے ۔

عوامی حلقوں نے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اورچیف ایگزیکٹواینڈ ایم ڈی عارف حمید سوئی ناردرن کی توجہ اس جانب مبذول کروائی ہے کہ وہ صارفین کی اس پریشانی کا مستقل ازالہ کرنے کے احکامات جاری کریں کیونکہ گذشتہ دوماہ سے یہ پریکٹس تواتر سے جاری ہے صارفین بلوں کی بروقت ادائیگی کے باوجود مذکورہ بنکوں اور سوئی گیس کے درمیان ”فٹبال “ بن چکے ہیں لیکن اُن کی کوئی شنوائی نہیں ۔

متعلقہ عنوان :