بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے والد جناح پونجا کا113واں یوم وفات منایا جا رہا ہے

جمعہ 17 اپریل 2015 11:28

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے والد جناح پونجا کا113واں یوم ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے والد جناح پونجا کا113واں یوم وفات منایاجا رہا ہے ۔جناب جناح پونجا 1850ء میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد پونجا میگھ جی نے 1864ء میں اپنے آبائی گاوٴں بڑی پانیلی کی سکونت تر ک کرکے کراچی میں اقامت اختیار کی اور یہاں کاروبار سے منسلک ہوگئے۔ جناح پونجا بھی بڑے ہوکر اس کاروبار میں اپنے والد کا ہاتھ بٹانے لگے۔

(جاری ہے)

ان کی شادی شیریں بی بی عرف میٹھی بائی سے ہوئی جن کے بطن سے قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے دیگر بھائی بہن پیدا ہوئے۔ محمد علی جناح ان کے سب سے بڑے بیٹے تھے جبکہ ان کے دیگر بچوں میں رحمت بی، بندہ علی، مریم بی، احمد علی، شیریں بی، فاطمہ بی اور بچو بھائی کے نام شامل تھے۔ ان میں سے بندہ علی اور بچو بھائی کا انتقال کم سنی میں ہوگیا تھا۔جناب جناح پونجا کا انتقال 17 اپریل 1902ء کو ہوا تھا۔