بارک اوباما نے مودی کو بھارت کا مصلح اعظم قرار دیدیا

جمعہ 17 اپریل 2015 13:10

بارک اوباما نے مودی کو بھارت کا مصلح اعظم قرار دیدیا

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء) امریکی صدر اوبامہ نے بھارتی وزیراعظم نریندری مودی کے ساتھ دوستی کے حوالے سے گرم جوشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے بارے میں ایک پروفائل تحریر کیا ہے۔ انہوں نے یہ پروفائل میگزین کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو دنیا کے سو بااثر ترین افراد میں شامل کرنے کے موقع پر تحریر کیا۔ بھارت کا مصلح اعظم کے عنوان سے تحریر کیے گئے پروفائل میں اوبامہ نے غربت سے وزیراعظم بننے تک ان کی زندگی کی کہانی کو بیان کیا ہے جس سے بقول اوبامہ کے بھارت کے تنوع اور صلاحیت کا پتہ چلتا ہے۔

اوبامہ نے پروفائل میں مزید تحریر کیا کہ مودی نے بھارت میں شدید غربت میں کمی، تعلیم کے فروغ، عورتوں اور بچیوں کو بااختیار بنانے اور معیشت اور ماحول کے حوالے سے بھارت کی حقیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے ایک پرعزم وڑن کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کی طرح وہ بھی قدیم اور جدید کا امتزاج ہیں جو یوگا کے ایک ایسے عقیدت مند ہیں جو ٹویٹر کے ذریعے بھارتی شہریوں سے رابطے میں رہتا ہے اور ایک ڈیجیٹل انڈیا کا تصور رکھتا ہے۔

اوبامہ نے مودی کے دورہ واشنگٹن کا زکر کرتے ہوئے ان کے ساتھ عظیم سیاہ فام رہنما مارٹن لوتھر کنگ جونیئرکی یادگار کے دورے کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ہم کنگ اور گاندھی دونوں کی تعلیمات سے اپنے لیے راہ تلاش کرتے ہیں اور ہمارے ملکوں میں پس منظر اور مذاہب کا جتنا تنوع پایا جاتا ہے، ہمیں اس کا تحفظ کرنا ہے۔ اوبامہ کے بقول مودی جانتے ہیں کہ ایک ارب سے زائد بھارتیوں کا ایک ساتھ رہنا اور مل کر آگے بڑھنا پوری دنیا کے لیے تحریک کی ایک مثال بن سکتا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی جریدے نے دنیا کے بااثر ترین افراد کی جو فہرست جاری کی ہے اس میں اوبامہ کا اپنا نام بھی شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :