بنگلہ دیش نے پاکستان کو 16 برس کے طویل عرصے بعد شکست دے دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 17 اپریل 2015 21:25

بنگلہ دیش نے پاکستان کو 16 برس کے طویل عرصے بعد شکست دے دی

میرپور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 17 اپریل 2015 ء) بنگلہ دیش نے پاکستان کو 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں شکست دے دی ہے۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کو 16 برس کے طویل عرصے کے بعد شکست دی ہے۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ریکارڈ 329 رنز بناتے ہوئے پاکستان کو 330 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 249 رنز بنا کر آوَٹ ہوگئی۔ پاکستان کے اوپننگ بلے باز سرفراز احمد اور کپتان اظہرعلی نے ذمہ دارانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 53 رنز کی شراکت قائم کی تاہم سرفراز احمد 24 رنز بنا کر عرفات سنی کا شکار بن گئے جس کے بعد محمد حفیظ بھی زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہ رہ سکے اور 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں کپتان اظہرعلی اور حارث سہیل نے ذمہ دار انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 89 رنز جوڑے اور 148 کے مجموعے پر کپتان اظہرعلی 7 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جب کہ حارث سہیل 51، فواد عالم 14، وہاب ریاض 8 ،محمد رضوان 67 اورسعد نسیم، جنید خان اور سعید اجمل بغیرکوئی رنز بنائے پویلین لوٹے۔

(جاری ہے)

بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد اورعرفات سنی نے 3،3 جب کہ روبیل حسین اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بنگلادیشی بلے بازوں نے ہوم گراؤنڈ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی بولروں کی خوب درگت بنائی، اوپنر تمیم اقبال کی جانب سےعمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 135 گیندوں میں 132 رنز کی شاندار اننگز کھیلی گئی جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین مشفق الرحیم نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 77 گیندوں پر 106 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سومیا سرکار نے 20، محمود اللہ نے 5 اور صابر رحمان نے 15 رنز بنائے جب کہ شکیب الحسن 31 اور ناصر حسین 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ 8 ماہ بعد کھیل کے میدان میں قدم رکھنے والے سعید اجمل 74 رنز دے کر بھی کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے اس سے قبل پاکستان کو 16 برس قبل 1999 کے ورلڈکپ میں شکست دی تھی۔

متعلقہ عنوان :